سیاسی عدم استحکام سے مزید مسائل پیدا ہونگے: کرنل ریٹائرڈ انعام الرحیم 


اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) ریٹائرڈ فوجی افسران کی تنظیم ایکس سروس مین کے عہدیدار کرنل ریٹائرڈ انعام الرحیم نے کہا ہے کہ ملک میں سیاسی عدم استحکام سے پاکستان کیلئے مزید مسائل پیدا ہوں گے۔ سیاسی جماعتوں اور اداروں کو رول آف دی گیم طے کر کے چلنا پڑے گا۔ ہم پی ٹی آئی کے دھرنے کے بھی مخالف تھے اور حالیہ تحریک عدم اعتماد کے بھی حامی نہیں، موجودہ حالات میں جو بھی حکومت بنے گی وہ حالات میں بہتری نہیں لا سکے گی اور عوام کے لئے مشکلات میں اضافہ ہی ہو گا۔ گزشتہ روز نوائے وقت سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ایکس سروس مین لیگل فورم کے کنوینئر کرنل ریٹائرڈ انعام الرحیم نے کہا کہ ہم نے عمران خان کو دھرنے کے موقع پر بھی کہا تھا کہ صوبہ خیبرپختونخواہ میں اللہ نے آپ کو عزت دی ہے، وہاں عوام کی خدمت کریں اور اگلی بار مرکز میں بھی عوام آپ کو منتخب کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت کے وزیراعظم میاں نواز شریف نے بنی گالہ میں جا کر عمران خان کو یہی بات سمجھائی تھی کہ وفاق آپ کو پوری سپورٹ کرے گا اور آپ صوبے میں عوام کی خدمت کریں لیکن اس وقت عمران خان کسی اور کی باتوں میں آئے تھے اور انہوں نے دھرنا دے دیا، آج انہیں مکافات عمل کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے لوگ جو موجودہ صورتحال میں بہت خوش ہو رہے ہیں وہ بھی یاد رکھیں کہ ان پر بھی یہی وقت بہت جلد آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں اور اداروں کو رول آف دی گیم طے کرنا ہوں گے، جس طرح بھارت میں ہوتا ہے کہ جس کو بھی حکومت ملتی ہے وہ حکومت کی مدت پوری کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں ہمارے اداروں کا کردار بھی غیر آئینی رہا ہے۔ انہیں اپنے کام سے کام رکھنا چاہیئے۔ کرنل انعام نے کہا کہ اگر ادارے سیاسی معاملات میں مداخلت کرتے رہیں گے تو خود بھی متاثر ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ملک میں وسائل متاثر ہوں گے تو اداروں کو بھی فنڈز نہیں ملیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اداروں کو بھی سوچنا ہو گا کہ آئین میں دیئے گئے کردار کے مطابق اپنا کام کریں اور سیاسی جماعتوں کو ان کا کام کرنے دیں۔ اسی طرح ہی پاکستان میں ترقی، خوشحالی اور استحکام پیدا ہو گا۔  

ای پیپر دی نیشن