اسلام آباد (رانا فرحان اسلم/خبر نگار) سیاس جماعتوں کے مابین بوقت ضرورت معاہدے ہوتے ہیں اور معاہدے ختم بھی ہو جاتے ہیں یہ سیاست کا مزاج ہے۔ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کراچی کے مسائل کو لیکر سنجیدہ ہے۔ سندھ حکومت اور پیپلزپارٹی نے بھی اس پر سنجیدگی دکھائی اور مل بیٹھ کر حل نکالنے کا کہا تو ہم تیار ہوگئے۔ اپوزیشن کی دیگر جماعتوں کے قائدین نے بھی ہمارے مئوقف کو تسلیم کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے مرکزی رہنما عامر خان نے اپنے بیان میں کیا ہے۔ عامر خان نے کہا کہ کسی بھی معاہدے کی کامیابی کے حوالے سے پہلے ہی دن کوئی رائے نہیں دی جا سکتی۔ اسکے لئے وقت درکار ہے، معاہدے کے نقاط پیپلزپارٹی مسلم لیگ ن جے یو آئی باپ اور دیگر جماعتوں کے قائدین نے پڑھے ہیں اور انہیں تسلیم کیا ہے۔