لاہور/ شیخوپورہ (نیوز رپورٹر+ نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار خصوصی+ نمائندہ نوائے وقت) پرویز الہی کو وزیراعلی پنجاب بنانے کے لئے صوبائی وزراء سرگرم ہو گئے۔ گزشتہ روز صوبائی وزراء نے ترین گروپ کے ارکان اسمبلی سے ملاقات کی۔ جس میں صوبائی وزراء نے وزارت اعلیٰ کے لیے پرویز الہی کی حمایت کی درخواست کی۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی وزراء سبطین خان، میاں محمود الرشید، سید صمصام بخاری اور ڈاکٹر مراد راس نے ترین گروپ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ترین گروپ کے اجمل چیمہ، ملک نعمان لنگڑیال، عبدالحئی دستی اور فیصل حیات جبوانہ بھی شریک ہوئے۔ صوبائی وزراء نے وزارت اعلیٰ کے لیے پرویز الہی کی حمایت کی درخواست کردی۔ ترین گروپ کی جانب سے کسی بھی قسم کی یقین دہانی نہیں کروائی گئی۔ تحریک انصاف ہم خیال چھینہ گروپ کا سیاسی صورتحال پر مشاورتی اجلاس ہوا۔ اجلاس کی صدرات ملک غضنفر عباس چھینہ نے کی۔ اجلاس میں گروپ اراکین نے پرویز الٰہی کی نامزدگی پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ تاہم حمایت یا انکار کی کوئی بات نہیں کی گئی، دوبارہ اجلاس جاری رکھنے اور مزید مشاورت کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ادھر علیم خان گروپ کے ترجمان میاں خالد محمود کا کہنا تھا کہ عمران خان جن القابات سے پرویز الہیٰ کو بلاتے تھے ہم تو انہیں دہرانے کی جسارت بھی نہیں کر سکتے۔ پہلے 4سال ایک بے ایمان اور نکمے بزدار کو مسلط رکھا اب پرویز الٰہی کو نامزد کر دیا۔ وہ پی ٹی آئی جانثار جنہوں نے نئے پاکستان میں عمران خان کا ساتھ دیا کیا ان 184 ارکان میں سے ایک بھی وزیر اعلیٰ بننے کا اہل نہیں تھا؟۔ تحریک انصاف کے ہر مخلص کارکن کو پرویز الہی کی نامزدگی پر اعتراض ہے۔ اگر نیا پاکستان پرویز الہیٰ بنائیں گے تو تحریک انصاف بنانے کی کیا ضرورت تھی، وہ یہ کام گزشتہ42سال سے کر رہے ہیں۔ کوئی سودے بازی نہیں کرینگے، اپوزیشن کا غیر مشروط ساتھ دیں گے۔ کمال ہے کہ اب نیا پاکستان پرویز الہی بنائیں گے۔ خان صاحب کیا یہ وہ نظریہ تھا جس کے لئے آپ نے 25سال جدوجہد کی اور قوم نے آپ پر اعتماد کیا؟۔ آج حکومت بچانے کی باری آئی تو پنجاب کا وزیر اعلیٰ انہیں نامزد کر دیا جنہیں آپ چور اور ڈاکو کہتے تھے۔ ترین گروپ کے ساتھی محب وطن اور قوم کا درد رکھنے والے ہیں، امید ہے وہ بھی ہمارا ساتھ دیں گے۔
صوبائی وزرا، ن لگ کے ترین گروپ سے رابطے ، پنجاب میں حکومت سازی کیلئے کو شش
Mar 31, 2022