ٹانگ، ملٹری کمپائونڈ پر حملے کی کو شش ناکام ، 6جوانشہید 3دہشت گرد ہلاک: جنوبی وزیر ستان میں کیپٹن سمیت 2شہید


اسلام آباد (خبرنگار خصوصی‘ نوائے وقت رپورٹ) خیبر پی کے  کے ضلع ٹانک میں ملٹری کمپائونڈ پر دہشتگردوں کے حملے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 6 جوان شہید جب کہ 3 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشت گردوں کی ٹانک میں ملٹری کمپائونڈ میں داخلے کی کوشش ناکام بنادی گئی، سکیورٹی فورسز کی فوری جوابی کارروائی میں3  دہشت گرد مارے گئے ہیں۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں سے فائرنگ کے شدید تبادلے میں6 جوان شہید ہوئے ہیں، شہداء میں نوشہرو فیروز کے رہائشی صوبیدار میجر شیر محمد، خیر پور کے رہائشی نائب صوبیدار زبید، راولپنڈی کے رہائشی حوالدار سہیل، ٹنڈوالہ یار کے رہائشی لانس نائیک غلام علی، خیر پور کے رہائشی سپاہی مسکین علی اور سکھر کے رہائشی سپاہی میر محمد شامل ہیں۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک فوج دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے، ہمارے جوانوں کی قربانیاں ہمارے حوصلے کو مزید تقویت دیتی ہیں۔ دریں اثناء جنوبی وزیرستان کے ضلع مکین میں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے کیپٹن سمیت 2 جوان شہید ہوگئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق مکین میں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ 29مارچ کو ہوا۔ جوانوں نے بھرپور جواب دیتے ہوئے چار دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران کیپٹن سعد بن عامر اور لانس نائیک ریاض نے جام شہادت نوش کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں دیگر دہشت گردوں کی موجودگی کو ختم کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ وزیر اعلی خیبر پی کے محمود  خان نے کیپٹن اور ایک لانس نائیک کی شہادت پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور شہداء کے درجات کی بلندی و پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔سابق صدر آصف علی زرداری اور پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ٹانک میں ملٹری کمپاؤنڈ پر دہشتگردانہ حملے کی شدید مذمت  کی ہے۔ انہوں نے اپنے بیانات میں کہا کہ واقعے میں سکیورٹی فورسز کے جوانوں کی شہادت پر  افسوس ہے۔ شہداء کے بلند درجات کی دعا کی ہے۔ لواحقین سے دلی تعزیت و یکجہتی کا اظہار  کرتے ہیں۔ پی پی پی چیئرمین کا شہید صوبیدار میجر شیر محمد، شہید نائب صوبیدار زبیر اور شہید حوالدار سہیل، لانس نائیک غلام، سپاہی مسکین علی اور سپاہی میر محمد کو بھی سلام پیش کیا۔

ای پیپر دی نیشن