بنگلورو (نیٹ نیوز+ این این آئی) بھارتی ریاست کرناٹک کے ضلع گدگ کے ایک سکول میں باحجاب طالبات کو دسویں جماعت کے امتحانات میں بیٹھنے کی اجازت دینے پر 7اساتذہ کو معطل کردیا گیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سی ایس پاٹل ہائی سکول میں دسویں جماعت کے امتحانات کے دوران چند طالبات حجاب و برقع پہنے کمرہ امتحان میں موجود تھیں۔ محکمہ تعلیم کے ایک افسر کی رپورٹ پر پانچ انوجلیٹرز اور دو سپرنٹنڈنٹ کو بھی معطل کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ کرناٹک میں گزشتہ 3 مہینوں سے مسلم طالبات کے حجاب پابندی کی وجہ سے تنازعہ جاری ہے۔ بھارت میں مسلمان خواتین کی نیلامی کی ایپ بنانے والے انتہا پسند ہندوؤں کو دلی ہائیکورٹ نے ضمانت پر رہا کر دیا۔ دلی ہائیکورٹ کے مطابق مسلمان دشمن ملزمان کو ’انسانی بنیادوں‘ پر رہا کیا گیا۔ عدالتی فیصلے کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ دو ہندو انتہا پسندوں نے مسلمان خواتین کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے تصاویر اٹھا کر ان پر برائے فروخت لکھ کر ایپس پر پیش کر دی تھیں۔ سوشل میڈیا استعمال کرنے والی مسلمان خواتین نے کہا ملزموں کے حق میں فیصلے کی وجہ یہ ہے کہ یہ گھناؤنا کام مسلمان خواتین کے ساتھ کیا گیا۔
2ہندو انتہا پسند رہا : کرنا ٹک ، با حجاب طالبات کو امتحان میں بٹھانے پر 7اساتذہ معطل
Mar 31, 2022