دہشت گردی کی لعنت مکمل ختم کرنے کیلئے پر عزم ، قر بانیاں ضائع نہں جا ئیں گی: آرمی چیف

Mar 31, 2022

 اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاک فوج دہشت گردی کی لعنت کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کور ہیڈکوارٹرز پشاور کے دورے پر پہنچے تو کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے استقبال کیا۔ آرمی چیف نے کیپٹن سعد اور لانس نائیک عرفان شہید کی نمازجنازہ میں شرکت کی۔ گورنر کے پی کے اور صوبائی وزراء بھی نمازجنازہ میں شریک تھے۔ دونوں اہلکار جنوبی وزیرستان میں لڑتے ہوئے شہید ہوئے۔ آرمی چیف کو سیکیورٹی صورتحال اور ضم اضلاع میں ترقیاتی کاموں پر بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف نے نئے انضمام اضلاع میں ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کی تعریف کی اور کہا کہ منصوبے علاقے کے پائیدار استحکام اور پائیدار ترقی کیلئے ضروری ہیں۔ جنرل باجوہ نے سکیورٹی فورسز کی جانب سے سازگار ماحول کی فراہمی پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ قبائلی اضلاع میں دیرپا ترقی اور استحکام اتنہائی ضروری ہے۔ پاک فوج دہشت گردی کی لعنت کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہے، شہدا کی فروغ امن کیلئے قربانی رائیگاں نہیں جائے گی، پاکستان میں مکمل امن واپس آئے گا۔

مزیدخبریں