کوئٹہ (بیورو رپورٹ)کمانڈر کوئٹہ کور لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی نے بلوچستان یوتھ ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب میں نوجوان نسل کو قوم کی امید اور اثاثہ قرار دیتے ہوئے انہیں خود اعتمادی کے ساتھ درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنے کی ترغیب دی۔تین روزہ ورکشاپ کے اختتامی سیشن سے کور کمانڈر نے خصوصی خطاب کیا اور نوجوانوں کو شکست خوردہ اور منفی سوچ سے خود کو دور رکھنے کی تلقین کی اور خود اعتمادی اور فیصلہ سازی اپنی شخصیت میں پیدا کرنے پر زور دیا ۔ کور کمانڈر نے کہا کہ کامیابی کا راز نوجوانوں کی خود اعتمادی میں پنہاں ہے۔ بلوچستان کے نوجوان زبردست معاشرتی اور سیاسی شعور کے حامل ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ تعمیری سوچ کے ساتھ آگے بڑھیں۔ورکشاپ کے شرکاء سے یونیورسٹی آف بلوچستان کے وائس چانسلر ڈاکٹر شفیق الرحمن اور ڈاکٹر علی حمزہ نے بھی خطاب کیا۔نوجوانوں نے سول سیکرٹریٹ اور کوئٹہ کینٹ کا دورہ بھی کیا اور وزیر کھیل عبد الخالق ہزارہ سے ملاقات کی۔ ورکشاپ کے اختتام پر کورکمانڈر ، وزیر کھیل اور چیف سیکرٹری نے شرکاء میں تعریفی اسناد بھی تقسیم کیں ۔