آئندہ 10 روز کے دوران گرمی میں غیرمعمولی اضافہ ہو گا: محکمہ موسمیات

اسلام آباد (خبر نگار) اگلے 10 روز کے دوران ملک بھر میں گرمی کی شدت میں غیرمعمولی اضافہ ہو گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ‘ جنوبی پنجاب‘ وسطی/ جنوبی بلوچستان میں دن کا درجہ حرارت 9 سے 11 ڈگری سینٹی گریڈ معمول سے زیادہ رہے گا۔ جبکہ بالائی پنجاب‘ اسلام آباد‘ خیبر پی کے گلگت بلتستان اور کشمیر میں دن کا درجہ حرارت 8 سے 10 ڈگری سینٹی گریڈ معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے۔ 2 اور 3 اپریل یعنی ہفتہ اور اتوار کو بالائی خیبر پختونخوا‘ مری‘ گلیات‘ گلگت بلتستان اور کشمیر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ اس دوران اسلام آباد‘ اٹک‘ چکوال اور جہلم میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کی توقع ہے۔ طویل خشک موسم کے باعث آبی ذخائر‘ کھڑی فصلوں‘ سبزیوں اور باغات کو پانی کی کمی کا خدشہ ہے۔

ای پیپر دی نیشن