کرونا شدت کم2جاں بحق،مثبت کیسڑ کی شرح0.70فیصد رہ گئی

Mar 31, 2022

اسلام آباد (خبر نگار+ شنہوا+ آئی این پی) ملک بھر میں کرونا کی شدت کم ہو گئی ہے۔ گزشتہ  24 گھنٹوں کے دوران وباء سے دو افراد جاں بحق ہوئے جبکہ مثبت کیسز کی شرح 0.70 فیصد رہ گئی ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24  گھنٹوں کے دوران مزید 194 کیسز سامنے آئے ہیں۔ مزید 136 مریض اس سے شفایاب ہو گئے۔  ملک بھر میں  وائرس کے8 ہزار591  زیرِ علاج مریضوں میں سے432  کی حالت تشویش ناک ہے۔ 24  گھنٹوں میں ملک میں کرونا وائرس کے مزید27 ہزار492  ٹیسٹ کئے گئے۔  دنیا بھر میں  کرونا وائرس سے شدید متاثرہ ملکوں میں مصدقہ کیسز کے حوالے سے جانز ہوپکنز یونیورسٹی کے سسٹمز سائنس وانجینئرنگ مرکز کے تازہ ترین اعداد و شمار  کے مطابق دنیا بھر میں کرونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد 48 کروڑ52 لاکھ 3 ہزار644  ہو گئی۔ امریکہ 8 کروڑ 19 ہزار128 مصدقہ کیسز کے ساتھ سرفہرست ہے۔  جبکہ بھارت 4 کروڑ30 لاکھ 23 ہزار215  مصدقہ کیسز کے ساتھ دوسرے اور برازیل 2 کروڑ 98 لاکھ87 ہزار191  مصدقہ کیسز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ امریکی ادارہ فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) نے اپنے بیان میں کہا کہ فائزر اور موڈرنا ویکسین کی چوتھی ڈوز تیسری ڈوزکے 4 ماہ بعد لگائی جا سکے گی۔ کرونا ویکسین کا دوسرا بوسٹر شاٹ 50 سال سے زائد عمرکے افراد کو لگایا جا سکے گا جب کہ کمزور قوت مدافعت والے 12 سال سے زائد عمر بچوں کو فائزر کا دوسرا بوسٹر شاٹ دیا جا سکے گا۔

مزیدخبریں