2  اسلامی تعاون تنظیم کے زیر اہتمام پاکستان میں پہلا تجارتی میلہ

فیصل آباد ( این این آئی) اسلامی تعاون تنظیم کے زیر اہتمام پاکستان میں پہلا تجارتی میلہ اس سال کے آخر میں لگایا جائے گا، جس سے اسلامی ملکوں کے درمیان صنعت و تجارت اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پید ا ہوں گے ۔جبکہ پاکستان میں ہونے والے او آئی سی کے پہلے تجارتی میلے کو حلال فوڈ فیسٹیول سے منسلک کیا گیا ہے۔ یہ بات او آئی سی کیلئے پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس  میں ایک تقریب میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ اس وقت پاکستان او آئی سی کے وزرائے خارجہ کانفرنس کا چیئرمین بھی ہے، اس لئے ہمیں اس موقع سے بھر پور فائدہ اٹھانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی طور پر یہ تجارتی میلہ کراچی میں لگانے کا خیال تھا، تاہم اب اسے لاہور منتقل کرنے کا جائزہ لیا جارہا ہے تاکہ ملک بھر سے تاجر اور صنعتکار بآسانی اس میں شرکت کر سکیں۔او آئی سی کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ اس کے ذیلی اداروں میں اسلامی ترقیاتی بنک، اسلامی سنٹر فار ٹریڈ اینڈ ڈویلپمنٹ سمیت کئی ادارے ہیں جو صنعت و تجارت کے فروغ کیلئے مختص ہیں۔ ترکی، ملائیشیا، مصر، سعودی عرب، ایران اور انڈونیشیا اِن سے بھر پور فائدہ اٹھا رہے ہیں لیکن بدقسمتی سے ہم نے اس کو صرف ایک سیاسی ادارہ سمجھ رکھا ہے۔ جبکہ معاشی تعاون کے فروغ کیلئے اس کے ذیلی اداروں سے بھر پور فائدہ اٹھانے کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں ایگزم بنک قائم کیا جا رہا ہے، جس کا چارٹربہت جلد منظور کر لیا جائے گا۔

ای پیپر دی نیشن