کراچی(پی پی آئی)مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی اور مہاجر قوم کا رشتہ آگ اور خون کا ہے ، ان کے درمیان ہونے والا ہر اتحاد غیر فطری ہے کیونکہ پیپلزپارٹی روز اول سے ہی مہاجروں کو کچھ بھی دینے کو تیا رنہیں ہے۔ وہ حالات اور جبر کے تحت اپنے ذاتی مفاد کیلئے معاہدے بھی کرتی ہے اور شرائط بھی تسلیم کرلیتی ہے لیکن وقت گزرنے کے بعد کسی کو کچھ نہیں دیتی ماضی میں بھی ایم کیوایم کئی مرتبہ پیپلزپارٹی سے اس طرح کے معاہدے کرتی رہی اور پھر جب تک اقتدار میں رہی معاہدوں پر عمل نہ کرنے کا رونا رویا جاتا رہا اور آخر میں پوری قوم کو یہ بتایا جاتا ہے کہ ہمارے ساتھ وعدہ خلافی ہوئی ہے۔ اس معاہدے کا بھی حشر اس سے مختلف نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ متحدہ اقتدار کی غلام گردشوں کا شکار نہ بنے کیونکہ ہم یہ سمجھتے ہیں کہ اس معاہدے میں مہاجروں کا سب سے اہم مطالبہ مہاجر صوبے کے قیام کو شامل نہیں کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ مہاجر قوم اپنے ووٹوں کی بے حرمتی مزید برداشت کرنے کو تیار نہیں ہے اور اب وہ دن دور نہیں کہ مہاجر قوم بھی یہ نعرہ لگانے میں حق بجانب ہوگی۔ مہاجروں کے ووٹوں کو عزت دو اور مہاجر ووٹ کو اپنے ذاتی کاروبار کا حصہ نہ بناؤ، ائندہ انتخابات کے نتائج مہاجر قوم کے مستقبل کیلئے فیصلہ کن ہوں گے اس لئے سنجیدہ مہاجر رہنما اور جماعتیں قوم کے ووٹ کو فروخت کرنے اور مہاجر قوم کا سودا کرنے والوں کیخلاف متحد ہوجائیںورنہ مہاجروں کی داستاں بھی نہ ہوگی داستانوں میں۔