کراچی(نعیم اختر) مسلم لیگ(ن) کے سینئر رہنمائوں‘ صوبائی‘ ضلعی عہدیداران‘ ونگز کے صوبائی رہنمائوں نے متحدہ اپوزیشن اور ایم کیو ایم معاہدہ کو سندھ بلخصوص کراچی کے مفاد میں قرار دیتے ہوئے اسے اپوزیشن کی بڑی کامیابی قرار دیا ہے۔ سینئر صوبائی نائب صدر رانا محمداحسان نے کہا کہ معاہدہ سے عمران حکومت کا بوریا بستر گول ہوچکا۔ نیازی خان پارلیمنٹ میں اکثریت کھوچکے ہیں میاں شہباز شریف وزیراعظم بن کر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرینگے۔ صوبائی صدر لیبر ونگ سید منور رضا نے کہا کہ تاریخی مہنگائی مکائو مارچ کے ہزاروں لوگ ابھی اپنے گھروں میں نہیں پہنچے تھے کہ ایم کیو ایم معاہدہ نے حکومت کو چاروں شانے چت کر ڈالا نااہل حکمرانوں کو اب منہ چھپانے کی بھی جگہ نہیں ملے گی۔ ایم کیو ایم معاہدہ ملک و قوم بالخصوص سندھ کے عوام کیلئے بہت بڑی خوشخبری ہے جس کے آئندہ عام انتخابات پر بھی مثبت اثرات مرتب ہونگے۔ صوبائی نائب صدر مسلم لیگ(ن) اور شہباز شریف سیکرٹریٹ بلدیہ ضلع کیماڑی کے انچارج خواجہ غلام شعیب نے کہا کہ متوالوں کی طویل حکومت مخالف تحریک رنگ لے آئی ہے۔ ایم کیو ایم‘ اپوزیشن معاہدے سے نااہل نیازی حکومت کا دھڑن تختہ ہوچکا اب صرف اعلان ہونا باقی ہے جلد میاں نواز شریف وزیراعظم کا حلف اور قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرکے ملک کو نہ صرف سیاسی بحران سے نکالیں گے بلکہ عوام کو ریلیف پہنچانے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔ لیبر ونگ کراچی ڈویژن کے صدراخلاق ہاشمی نے کہا کہ ایم کیو ایم معاہدہ نے ثابت کردیا کہ عمران حکومت کا خاتمہ ہوچکا اب صرف اعلان ہونا باقی ہے معاہدے سے کراچی کی سیاست پربڑے مثبت نتائج مرتب ہونگے۔ اخلاق ہاشمی نے کہا کہ نواز لیگ کی مدبرانہ سیاست‘ آصف زرداری کی مشاورت‘ مولانا فضل الرحمن کی دور اندیشی اور اپوزیشن کی دیگر جماعتوں کی قیادت کی شبانہ روز جدوجہد سے آج قوم کو نااہل حکمرانوں سے نجات ملنے جارہی ہے۔ اپوزیشن کے مشترکہ وزیراعظم کے امیدوار میاں شہباز شریف وزیراعظم بن کر ملک کی تعمیر و ترقی خوشحالی کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔