ملتان(آئی این پی)پاکستان کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں بلوچستان نے حسیب اللہ کی سنچری کی بدولت سندھ کو 13 رنز سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کرلی،264 رنز کے تعاقب میں سندھ کی ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 250 رنز ہی بناسکی بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے مابین پاکستان کپ کا فائنل یکم اپریل کو ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پاکستان کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں بلوچستان نے حسیب اللہ کی سنچری کی بدولت سندھ کو 13 رنز سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے۔ 264 رنز کے تعاقب میں سندھ کی ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 250 رنز ہی بناسکی۔بلوچستان کے اوپنر حسیب اللہ 131 رنز بناکر نمایاں رہے۔مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں ٹاپ آرڈرز کے پراعتماد آغاز کے باوجود سندھ کی ٹیم میچ میں فتح حاصل کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی۔ شرجیل خان 50 اور صائم ایوب 30 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تو عمیر بن یوسف نے خرم منظور کے ہمراہ 70 رنز کی شراکت قائم کی۔ عمیر بن یوسف بن 60 اور خرم منظور نے 55 رنز کی اننگز کھیلی۔
کاشف بھٹی نے تین جبکہ کپتان یاسر شاہ اور خرم شہزاد نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ سندھ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو بلوچستان نے نوجوان اوپنر حسیب اللہ کی سنچری کی بدولت 47.5 اوورز میں 263 رنز بنائے۔ نوجوان اوپنر نے 114 گیندوں پر ایک چھکے اور 18 چوکوں کی بدولت 131 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔
یہ ان کی لسٹ اے کیرئیر کی تیسری سنچری ہے۔ انہوں نے اسد شفیق کے ہمراہ تیسری وکٹ کے لیے 163 رنز اسکور کیے۔تجربہ کار بیٹر اسد شفیق نے5 چوکوں کی مدد سے 64 رنز کی اننگز کھیلی۔ سہیل خان اور محمد عمر نے تین تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ٹورنامنٹ کا فائنل یکم اپریل کو ملتان کرکٹ اسٹیڈیم ملتان میں کھیلا جائے گا، جہاں تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں مفت داخلے کی اجازت ہوگی۔ایونٹ کا فائنل مقابلہ پی ٹی وی اسپورٹس اور پی سی بی کے یوٹیوب چینل پر براہ راست نشر کیا جائے گا۔