دبئی(آئی این پی)ون ڈے رینکنگ میں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی حکمرانی برقرار ہے جبکہ امام الحق نے کیریئر بیسٹ ون ڈے رینکنگ حاصل کرلی ہے۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)کی جانب سے نئی ون ڈے پلیئرز رینکنگ جاری کردی۔پاکستان کے کپتان بابر اعظم کی پہلی، بھارت کے ویرات کوہلی کی دوسری اور نیوزی لینڈ کے روس ٹیلر کی تیسری پوزیشن برقرار ہے۔بھارت کے روہت شرما ایک درجے ترقی پاکر چوتھی پوزیشن پر آگئے اور جنوبی افریقا کے کوئنٹن ڈی کوک ایک درجے تنزلی سے پانچویں پوزیشن پر چلے گئے۔انگلینڈ کے جونی بیئر اسٹو 2درجے ترقی پاکر چھٹی پوزیشن پر آگئے جبکہ آسٹریلیا کے ایرون فنچ اور جنوبی افریقا کے ریسی وینڈر ڈسن ایک ایک درجے تنزلی کے بعد بالترتیب ساتویں اور آٹھویں پوزیشن پر چلے گئے۔آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر کی نویں پوزیشن برقرار ہے جبکہ پاکستان کے امام الحق دو درجے ترقی پاکر کیریئر بیسٹ دسویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔فخر زمان دو درجے تنزلی سے دسویں سے بارہویں پوزیشن پر چلے گئے ہیں۔بولنگ کی فہرست میں نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ کی پہلی ، آسٹریلیا کے جوش ہیزل ووڈ کی دوسری اور انگلینڈ کے کرس ووکس کی تیسری پوزیشن برقرار ہے۔
نیوزی لینڈ کے میٹ ہینری کی چوتھی، افغانستان کے مجیب الرحمان کی پانچویں، بھارت کے جسپریت بمراہ کی چھٹی اور بنگلادیش کے مہدی حسن کی ساتویں پوزیشن برقرار ہے۔بنگلا دیش کے شکیب الحسن چار درجے ترقی پاکر آٹھویں جبکہ افغانستان کے راشد خان ایک اور آسٹریلیا کے ایڈم زیمپا چھ درجے ترقی پاکر مشترکہ طور نویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔آل راونڈرز کی فہرست میں بنگلا دیش کے شکیب الحسن پہلے نمبر پر موجود ہیں۔