کیڈٹ کالج قلعہ سیف اللہ کے طلباء اور اساتذہ کے 92 رکنی وفد نے کوئٹہ کینٹ کا بھرپور دورہ کیا۔ شرکا کو مختلف مقامات کی سیر کرائی گئی جن میں ملٹری سٹیشن لائبریری، پاکستان گیلری اور یادگارِ شہداء شامل ہیں۔اس کے علاوہ طلبا نے فوجی یونٹوں کے ساز حرب و ضرب کی نمائش میں خصوصی دلچسپی لی اور وطن کے محافظوں کے ساتھ یادگار دن گزارا ۔ شرکاء کو سن سیٹ ویو پوائنٹ کی سیر بھی کروائی گئی جس سے وہ بہت لطف اندوز ہوئے۔ دلچسپ اور معلومات افزا دورہ کے بعد وفد قلعہ سیف اللہ کے لیے روانہ ہوگیا۔کیڈٹ کالج قلعہ سیف اللہ کئی سالوں سے بلوچستان کی نوجوان نسل کی تعلیم و تربیت میں اپنا اہم کردار ادا کرتا آ رہا ہے اور اس کے کیڈٹس کا جوش و خروش اور ولولہ حوصلہ افزا ہے ۔ پاک فوج نے بلوچستان کے طول و عرض میں متعدد کیڈٹ کالجز قائم کر کے بلوچستان کے نوجوانوں کے روشن مستقبل کے لیے اپنا تعمیری کردار ادا کیا ہے جس کے مثبت اثرات سامنے آ رہے ہیں ۔ یہاں یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ لگاتار دوسری مرتبہ پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کی اعزازی شمشیر کا حقدار بلوچستان کا ہی نوجوان ٹھہرا ہے ۔ پہلے عثمان انور بلوچ اور اب عبد القہار کاکڑ نے اعزازی شمشیر حاصل کر کے بلوچستان کا نام بلند کیا ہے جس پر سب کو فخر ہے۔