اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) اسلام آباد‘ لاہور‘ کراچی ایئرپورٹس کی آﺅٹ سورسنگ کے سلسلہ میں انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن کو ٹرانزیکشن ایڈوائزر مقرر کرنے کی منظوری دیدی گئی۔ وزیرخزانہ اسحاق ڈار کے زیرصدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ سندھ میں ترقیاتی سکیموںکیلئے 60 کروڑ 76 لاکھ روپے‘ وزارت ہاﺅسنگ کیلئے بھی ایک ارب 68 کروڑ روپے کی گرانٹ کی منظوری دی گئی۔ رقم خیبر پی کے اور سندھ میں ایس ڈی جیز پروگرام پر خرچ کی جائے گی۔ اعلامیہ کے مطابق کراچی اور اسلام آباد کے ایئرپورٹس پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کیلئے آﺅٹ سورس کئے جائیں گے۔ ماڑی پٹرولیم کی دو دریافتوں بلال اور اقبال فیلڈز کو ڈویلپ کرنے کیلئے فنڈز کی منظوری دی گئی۔ پولینڈ کی کمپنی کو تیل تلاش کرنے کیلئے کام کرنے میں دو سال کی توسیع کی منظوری دی گئی۔ غازی کے مقام پر ماڑی پٹرولیم کو تیل کے کنویں کا ٹیسٹ کرنے کی منظوری دی گئی۔ وزارت ہاﺅسنگ کو فاٹا میں ترقیاتی سکیمیں مکمل کرنے کیلئے 5 ارب روپے جاری کرنے کی منظوری دی گئی۔ حکومت اور کے الیکٹرک کے درمیان ادائیگیوں پر ٹیکس شرح معاہدے کی منظوری مو¿خر کر دی گئی۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی