وزیراعظم برہم، کراچی میں گیس لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ حل 

Mar 31, 2023

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پارلیمان سے منظور ہونے والا سپریم کورٹ (پریکٹس اینڈ پروسیجر) بل 2023 ءعدالت عظمی کو ادارہ جاتی طور پر مضبوط کرے گا۔ جمعرات کو اپنے ٹویٹ میں وزیر اعظم نے کہا کہ اس بل سے بنچ کی تشکیل اور آرٹیکل 184 (3) کے عمل کو شفاف اور جامع بنانے میں مدد ملے گی، اس سے انصاف کی فراہمی میں مدد ملے گی۔ مزید برآں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ لکی مروت میں عسکریت پسندوں کے حملے کے نتیجے میں ڈی ایس پی سمیت 4 پولیس اہلکاروں کی شہادت پر دل دکھی اور رنجیدہ ہے۔ جمعرات کو وزیر اعظم نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمارے پولیس افسران اور جوانوں کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں، اللہ تعالی شہداءکو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور زخمیوں کو جلد صحتیاب کرے۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے وفاقی وزیر صنعت و پیداوار مخدوم مرتضیٰ محمود نے ملاقات کی۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں وزیر صنعت و پیداوار نے وزیر اعظم کو وزارت کے ملک میں صنعتی ترقی کیلئے جاری اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ دریں اثناءوزیراعظم محمد شہباز شریف نے شیخ منصور بن زید النہیان کومتحدہ عرب امارات کے نائب صدر کے طور پر تقرری پر پاکستان کے عوام اور حکومت کی جانب سے انہیں دلی مبارکباد دی ہے۔ جمعرات کو اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم نے شیخ منصور بن زید النہیان کو مبارکباد دیتے ہوئے دعا کی کہ ان کی تقرری متحدہ عرب امارات اور اس کے عوام کےلئے کامیابی اور خوشحالی کا نیا باب ہو۔ علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف سے پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ملاقات کی۔ وزیراعظم ہا¶س میں ہونے والی ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمن نے ملکی مجموعی سیاسی صورتحال سمیت دیگر مسائل پر تفصیلی طور پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات کے موقع پر سربراہ جمعیت علماءاسلام (ف) مولانا فضل الرحمن نے حالیہ قانون سازی پر وزیراعظم شہبازشریف کو مبارکباد دی اور آئندہ کی سیاسی حکمت عملی پر بھی مشاورت کی گئی۔ فضل الرحمن نے وزیراعظم کو اتحادیوں کی طرف سے مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی۔مزید برآں وزیراعظم شہباز شریف نے لائرز ویلفیئر اینڈ پروٹیکشن بل 2023ءکی منظوری پر وکلاءکو مبارکباد دی ہے۔ وزیراعظم نے کہا ہے کہ اللہ کا شکر ہے وکلاءبرادری سے کیا وعدہ پورا کر دیا۔ ایک ماہ قبل وکلاءسے قانون منظور کرانے کا وعدہ کیا تھا۔ وکلاءنے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے ہیں۔ وکلاءکا تحفظ اور فلاح و بہبود ہماری اولین ترجیح ہے۔ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے ارکان قابل تعریف ہیں۔ قانون کی منظوری سے وکلاءکو بہتر ماحول فراہم ہوگا۔ وکلاءقانونی تحفظ میں مزید بہتر خدمات انجام دے پائیں گے۔وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں کراچی میں دوران رمضان گیس لوڈ شیڈنگ کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم کو کراچی میں گیس دبا¶ میں کمی، تعطل اور لوڈ شیڈنگ پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے سحر و افطار میں شہریوں کو گیس کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم حکام پر برس پڑے کہ رمضان میں گیس فراہمی کی جامع حکمت عملی اپنانی چاہئے تھی۔ وزیراعظم کے احکامات پر ہنگامی عملدرآمد کیا گیا۔ وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ کراچی میں گیس تعطل کا مسئلہ حل کر لیا گیا ہے۔ وزیراعظم نے گیس فراہمی کی مسلسل نگرانی اور کوتاہی نہ ہونے کی ہدایت کی۔ مزید برآں وزیراعظم شہباز شریف سے معاون خصوصی فہد حسین نے ملاقات کی جس میں پبلک کمیونیکیشن اور ڈیجیٹل پاکستان کے شعبے میں ہونے والی پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم کو پبلک کمیونی کیشن اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے شعبوں میں پیشرفت سے آگاہ کیا گیا۔ این این آئی کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان اتفاق ہوا ہے کہ آئین، پارلیمانی بالادستی میں کوئی دباﺅ قبول نہیں کریں گے۔


وزیراعظم 

مزیدخبریں