مصر کا غیر ملکی سیاحوں کیلیے پرکشش مراعات کا اعلان

مصر نے ملک میں آنے والے غیر ملکی سیاحوں کے لیے کئی پرکشش مراعات کا اعلان کیا ہے جن میں 5 سال کا سیاحتی ویزا بھی شامل ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق مصر کی حکومت نے سیاحت کے فروغ اور 2028 تک سیاحوں کی سالانہ تعداد 30 ملین تک پہنچانے کے ٹارگٹ کو پورا کرنے کے لیے غیر ملکی سیاحوں کے لیے کئی پرکشش مراعات کا اعلان کیا ہے جس میں 5 سال کا سیاحتی ویزا سمیت دیگر اقدامات بھی شامل ہیں۔مصر کے وزیر سیاحت و آثار قدیمہ احمد عیسیٰ نے کہا ہے کہ ملک میں آنے والے سیاحوں کو صرف 700 ڈالر میں 5 سالہ سیاحتی ویزا ملٹی پل ہدیا جائے گا اور یہ ویزا چین، ترکیہ، انڈیا اور ایران کے سیاحوں کو جنوبی سینا کے ایئرپورٹس، بندرگاہوں اور سرحدی چیک پوسٹوں کے ذریعے ہنگامی ویزا بھی جاری کیا جائے گا۔وزیر سیاحت نے نئے سیاحتی ویزے کے اجرا کی تاریخ ابھی نہیں بتائی تاہم ان کا کہنا ہے کہ بہت جلد اس فیصلے پرعمل درآمد شروع ہو جائے گا۔ صرف یہی نہیں بلکہ مصری حکومت نے پروازوں کی نشستوں کی تعداد بھی بڑھائی ہے جبکہ ہوٹل کے کمروں کی تعداد میں بھی اضافہ کیا جا رہا ہے۔مصری ایوان ہائے صنعت و تجارت کونسل میں سیاحتی ایجنسیوں اور کمپنیوں کے رکن ڈاکٹر مجدی صادق نے بتایا کہ نئے سیاحتی ویزے کی فیس 700 ڈالر بہت سوچ سمجھ کر رکھی گئی ہے۔ یہ خطے کے دیگر سیاحتی ممالک سعودی عرب، متحدہ عرب امارات کے مقابلے میں ہی نہیں بلکہ امریکا کے حوالے سے بھی بے حد کم ہے۔ان کا کہنا ہے کہ ’سیاحوں کو راغب کرنے کے لیے مفت سیاحتی ویزا اسکیم بھی متعارف کرائی جا رہی ہے۔ 2022 کے دوران 11.7 ملین سیاح مصر آئے تھے جو2021 کے مقابلے میں 46 فیصد زیادہ تھے۔‘

ای پیپر دی نیشن