غزہ، 11 پولیس اہلکاروں سمیت 80 شہید: اسرائیلی وزیر دفاع نے جنگ پھیلانے کی دھمکی دیدی

Mar 31, 2024

غزہ  (آئی ا ین پی) اسرائیلی فورسز نے غزہ کے علاقے شجاعیہ میں11 فلسطینی پولیس اہلکاروں کو شہید کر دیا۔ 24 گھنٹوں میں شہداء 80 سے زائد ہو گئے۔ میڈیا آفس نے ایک بیان شائع کیا جس میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے امدادی سکیورٹی پولیس پر بمباری کی جو شجاعیہ سپورٹس کلب میں انسانی ہمدردی کے کام کا حصہ تھی، اس کے نتیجے میں10 پولیس افسر اور شہری شہید ہوئے۔ ان میں ایک فلسطینی خاتون بھی شامل ہے۔ خان یونس میں حماس حملے میں اسرائیلی فوجی جہنم واصل ہو گیا۔ اقوام متحدہ انسانی حقوق دفتر نے غزہ میں پولیس افسروں کی شہادت کی مذمت کی ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق غزہ سے 9 ہزار مریضوں کی ہنگامی انخلاء کی ضرورت ہے۔ اسرائیلی جارحیت کے خلاف سنٹرل لندن میں احتجاج کیا گیا۔ شرکاء مارچ کرتے ٹریفالگر سکوائر پہنچے۔ فری فلسطین کے نعرے لگائے کہا برطانیہ جنگ بندی پر زور دے۔ اسرائیلی وزیر دفاع نے غزہ میں جاری جنگ کو مزید علاقوں تک پھیلانے کی دھمکی دے دی۔ اسرائیلی وزیر دفاع یوآو گیلنٹ نے کہا کہ اسرائیلی فوج حزب اللہ کے خلاف اپنی مہم کو مزید وسعت دے گی جس میں ہم ہر اس جگہ حملے کریں گے جہاں سے حزب اللہ کاررروائیاں کر رہی ہے۔ اسرائیلی فوج بیروت اور دمشق سمیت دیگر دور دراز کے علاقوں میں بھی کارروائیاں کرے گی۔ دوسری جانب خلیجی میڈیا کا بتانا ہے کہ اسرائیلی فوج کے غزہ میں وحشیانہ حملے جاری ہیں جس میں اسرائیلی فوج نے ایک سپورٹس سینٹر پر حملہ کیا جہاں بے گھر افراد نے پناہ لی ہوئی تھی۔ اسرائیلی فوج کے حملے میں 15 فلسطینی شہید ہو گئے۔

مزیدخبریں