لاہور سمیت ملک بھر میں آج لاکھوں فرزندان اسلام اعتکاف بیٹھیں گے  

لاہور (خصوصی نامہ نگار) رمضان المبارک کے تیسرے عشرے کے لیے آج بعد نماز عصر لاکھوں فرزندان توحید اعتکاف میں بیٹھیں گے جس کے لئے مساجد میں انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ لاہور سمیت ملک کی لاکھوں مساجد میں لاکھوں مسلمان نماز عصر کے بعد اعتکاف میں بیٹھیں گے۔ ملک بھر کی تمام بڑی مساجد میں اعتکاف کے لئے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ متعکفین نماز عصر کے بعد مساجد میں پہنچ جائیں گے اور افطاری کے بعد اعتکاف شروع کر دیں گے۔ لاہور میں بھی اعتکاف کی تیاریاں مکمل کی جا چکی ہیں۔ بادشاہی مسجد، جامع مسجد حضرت داتا گنج بخشؒ، جامعہ نعیمیہ، جامع مسجد منصورہ، جامع مسجد قادسیہ، مسجد وزیر خان سمیت صوبے کی ہزاروں بڑی مساجد اور مدارس میں اعتکاف کا اہتمام کیا گیا ہے۔ کئی جگہوں پر خواتین کے لئے اعتکاف کا الگ سے بھی اہتمام کیا گیا ہے۔ مساجد کے علاوہ شہر اعتکاف بھی ملک بھر میں سجائے گئے ہیں، صوبائی دارالحکومت میں منہاج القرآن نے ہر سال کی طرح خواتین اور مردوںکے اجتماعی اعتکاف کا اہتمام کیا ہے۔ اسی طرح گھروں میں بھی خواتین نے اعتکاف کے لئے تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ رمضان المبارک کے آخری عشرے میں اعتکاف کرنے والے مرد و خواتین شوال (عیدکا چاند) کا چاند نظر آنے پر اعتکاف ختم کریں گے۔سعودی عرب میں رمضان المبارک کے آخری عشرے کا آغاز ہو گیا۔ مسجد نبویؐ، مسجد الحرام اور تمام علاقائی مساجد میں مغرب کے بعد اعتکاف کا آغاز ہوا۔ حرمین انتظامیہ نے اعتکاف کیلئے پورٹل کے ذریعے ہزاروں پرمٹ جاری کئے۔معتکفین کیلئے خصوصی دروازے مقرر کر دیئے اور تمام سہولیات فراہم کر دی گئیں۔

ای پیپر دی نیشن