اسد قیصر کا لیاقت بلوچ سے ٹیلی فونک رابطہ، باہمی مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق 

لاہور (خصوصی نامہ نگار) ترجمان جماعت اسلامی قیصر شریف نے کہا ہے کہ قائم مقام امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ سے پی ٹی آئی رہنما اور سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے جس میں دونوں سیاسی جماعتوں کے درمیان رابطے جاری رکھنے پر اتفاقِ رائے پایا گیا اور طے ہوا موجودہ حالات کے تناظر میں باہمی مشاورت جاری رکھی جائے گی۔ اسد قیصر نے لیاقت بلوچ سے کہا کہ غلط فہمیاں دور کر کے آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔ ماضی میں رابطوں کے حوالے سے کنفیوژن پیدا ہوئی۔ لیاقت بلوچ نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی پی ٹی آئی کارکنوں کی جمہوریت کے لیے جدوجہد اور ایثار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی آئین، قانون کی بالادستی کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔ قومی قیادت کو باہمی اختلافات بھلا کر سیاسی و معاشی استحکام کے لیے کوششیں کرنا ہوں گی۔

ای پیپر دی نیشن