پشاور (بیورو رپورٹ) پشاور سمیت خیبرپی کے کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارشوں اور ژالہ باری سے پیش آنے والے حادثات کے نتیجہ میں خاتون اور بچوں سمیت 9 افراد جاں بحق جبکہ 13 زخمی ہو گئے۔ پیسکو کے تمام فیڈرز ٹرپ کر جانے سے پشاور میں 24 گھنٹے سے زائد بجلی معطل رہی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور سمیت خیبرپی کے کے تمام اضلاع میں وقفے وقفے سے بارش جاری رہنے کا امکان ہے، 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ بارش چیراٹ میں 66ملی میٹر ریکارڈ ہوئی۔ اس کے علاوہ دیر64، مالم جبہ 55، پشاور 48، تخت بائی35، شیدو شریف55 جبکہ چترال میں 23ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ خیبر پی کے کے بالائی اضلاع میں برف باری کا سلسلہ بھی جاری ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق کالام میں 5 انچ تک برف باری ریکارڈ ہو چکی ہے۔ پشاور میں شہریوں نے سحری بھی اندھیرے میں تیار کی جبکہ طویل بریک ڈاؤن کی وجہ سے یو پی ایس سمیت دیگر متبادل انتظامات بھی بند ہو گئے۔ترجمان پیسکو کے مطابق بارش کے باعث 45 فیڈر متاثر ہوئے تھے۔ ریسکیو 1122 شانگلہ کے مطابق تحصیل الپوری لیلونی بانڈہ چینہ کے مقام پر اعتبار خان کے گھر کا ایک کمرہ تیز بارش کی وجہ سے گر گیا، جس میں ملبے تلے دب کر 2 افراد جاں بحق اور ایک بچی زخمی ہوئی، باجوڑ کے گاؤں خڑیان تحصیل ناواگ میں کمرے کی چھت گرگئی، جس کے ملبے تلے 3 افراد دب گئے۔ وزیراعلیٰ خیبرپی کے علی امین گنڈاپور نے بارشوں سے ہونے والے نقصانات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جانی و مالی نقصان کی رپورٹ طلب کی اور متاثرین کے لیے امداد کا اعلان کیا۔ انہوں نے محکمہ ریلیف اور دیگر اداروں کو ریلیف کے حوالے سے کارروائی عمل میں لانے کی ہدایات بھی جاری کیں۔
خیبر پی کے: بارش سے تباہی، چھتیں گرنے سے 9 افراد جاں بحق، 13 زخمی، پشاور تاریکی میں ڈوب گیا
Mar 31, 2024