لاہور (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدوار برائے حلقہ پی پی 158 مونس الٰہی نے بیدیاں روڈ پر جلسہ سے آن لائن خطاب میں کہا ہے کہ ہم نے انتخابی مہم کا آغاز کر دیا۔ انشاء اللہ جیت ہماری ہو گی جس طرح گجرات کے لوگ مجھے عزیز ہیں ویسے ہی آپ لوگ بھی میرے لئے قابل احترام ہیں۔ ہم عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں اور یہ وقت ہے کہ آپ لوگ عمران خان کو اپنا قیمتی ووٹ دیکر اپنا حق ادا کریں کیونکہ عمران خان ہی وہ واحد لیڈر ہیں جو پاکستان کو موجودہ مسائل سے نکال سکتا ہے۔ انشاء اللہ علاقے میں ترقیاتی کاموں کو فعال کریں گے اور عوام کو ان کا بنیادی حق گھر کی دہلیز پر پہنچائیں گے۔