نئی دلی(اے پی پی)انڈین نیشنل کانگریس نے مودی حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ بی جے پی عام انتخابات سے قبل حزب اختلاف کو ٹیکس دہشت گردی کا نشانہ بنا رہی ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کانگریس کے جنرل سیکرٹری جے رام رمیش اور دیگر نے نئی دلی میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ لوک سبھا انتخابات سے ٹھیک پہلے محکمہ انکم ٹیکس کی طرف سے کانگریس کو پانچ مالیاتی برسوں کے ٹیکس گوشواروں میں مبینہ تضادات کیلئے 1823.08کروڑ روپے کی ادائیگی کیلئے تازہ نوٹس جاری کیا گیا ہے لیکن مذکورہ محکمے نے بی جے پی کے حوالے سے آنکھیں مکمل طور پر بند کر رکھی ہیں حالانکہ اسے 4600کروڑ کے جرمانے کا سامنا ہے ۔ کانگریس کے خزانچی اجے ماکن نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ جن معیارات کی بنیاد پر کانگریس کو جرمانے کا نوٹس جاری کیا گیا ہے ان معیارات کی بنیاد پر تو بی جے پی سے 4600کروڑ روپے سے زائد کی ادائیگی کا مطالبہ کیا جانا چاہیے تھا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کو مالی طور پر بدحال کیا جا رہا ہے۔ کانگریس رہنمائوں نے مزید کہا کہ بی جے پی جمہوریت کو تباہ کر ہی ہے ۔ کانگریس کے رہنما راہول گاندھی نے بھی سوشل میڈیا پر اپنی ایک پوسٹ میں بی جے پی کو نشانہ بناتے ہوئے لکھا'' جب حکومت بدلے گی تو جمہوریت کو ختم کرنے والوں کیخلاف ضرور کارروائی کی جائے گی اور یہ ایک ایسی کارروائی ہو گی کہ کسی کو دوبارہ ایسا کرنے کی جرات نہ ہو۔