ٹوبہ ٹیک سنگھ: بہن کے قاتل بھائی کا زیادتی کا اعتراف، جسمانی ریمانڈ 

Mar 31, 2024

ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) تھانہ صدر ٹوبہ ٹیک سنگھ پولیس نے ماریہ قتل کیس میں دوسرے بھائی شہباز اور اس کی اہلیہ سمیرا کو گرفتار کر لیا، جبکہ نوجوان بہن کو گلا دبا کر قتل کرنے والے ملزم فیصل اوڈھ نے پولیس گاڑی میں میڈیا سے گفتگو کے دوران اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ وہ بہن کے ساتھ زناکاری کرتا تھا ، دوسری طرف پولیس کی طرف سے مقتولہ کے بھائی شہباز اور بھابھی سمیرا کی گرفتاری خفیہ رکھنے پر سمیرا کے ورثاء کا ضلع کچہری کے باہر پولیس کے خلاف احتجاج، پولیس نے ماریہ کو قتل کرنے والے ملزموں عبدالستار اوڈھ اور فیصل اوڈھ کا 2روزہ جسمانی ریمانڈ پورا ہونے کے بعد دوبارہ علاقہ مجسٹریٹ طلعت جاوید کی عدالت میں پیش کر کے ملزموں کا 4روزہ مزید جسمانی ریمانڈ حاصل کر لیا ہے ، عدالت پیشی کے موقع پر پولیس گاڑی میں زیر حراست ملزم عبدالستار اوڈھ نے کہا کہ اس نے قتل نہیں کیا بلکہ وہ صرف وہاں موجود تھا، جبکہ ملزم فیصل اوڈھ نے اپنا جرم قبول کرتے ہوئے مقتولہ کے ساتھ زیادتی کا بھی اعتراف کر لیا۔ دوران قتل کی ویڈیو بنانے والے مقتولہ کے بھائی شہباز اور اس کی اہلیہ سمیرا مقدمہ میں مدعی بننے کی کوشش کرتے رہے، مگر اپنے ہی وکیل کامران ظفر ایڈووکیٹ کے سامنے اپنا جرم کا اعتراف کرنے کے بعد کامران ظفر ایڈووکیٹ نے ان کے مقدمہ سے دستبرداری کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ ظالموں کا ساتھ نہیں دے سکتا، وہ وکالت لوگوں کو انصاف دلوانے کیلئے کرتے ہیں نہ کہ ظالموں کا ساتھ دینے کیلئے، جبکہ شکوک و شبہات کی بناء پر پولیس نے مقتولہ کے بھائی شہباز اور بھابھی سمیرا کو گرفتار کر کے شامل تفتیش کر لیا ہے، مگر پولیس کی طرف سے شہباز اور سمیرا کی گرفتاری کی تصدیق نہیں کی گئی، بلکہ دونوں کی گرفتاری سے لاعلمی ظاہر کی جا رہی ہے جبکہ سمیرا  کے ورثاء نے ضلع کچہری کے باہر پولیس کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ رات انہوں نے تھانہ صدر کے حوالات میں شہباز اور سمیرا سے ملاقات کی ہے۔ سمیرا کی والدہ نے ایک ویڈیو بیان میں پولیس پر الزام عائد کیا کہ پولیس نے 15لاکھ روپے رشوت لیکر شہباز اور سمیرا  کو گرفتار کیا ہے اور اب ان کی گرفتاری سے انکاری ہوگئی ہے۔

مزیدخبریں