لاہور(نامہ نگار)ڈرائیونگ لائسنس کی فیس میں ہوشربا اضافہ پنجاب پولیس کے لئے بڑی آمدن کا ذریعہ بن گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب بھر میں ڈرائیونگ لائسنس فیس کی مد میں وصول ہونے والی رقم کا 15فیصد پولیس کو ملنا شروع ہوگیا ہے۔زرائع کے مطابق نگران حکومت نے ڈرائیونگ کی فیسوں میں بڑے پیمانے پراضافہ کرکے فیس کوپانچ سال کی بجائے سالانہ کر دیا تھاجنوری 2024 سے ڈرائیونگ لائسنس کی فیسوں میں اضافی وصولی رقم میں سے 15فیصد پنجاب پولیس کو حصہ ملنا تھا۔پولیس کی جانب سے ڈرائیونگ لائسنس فیس کا 13 فیصد ٹریفک سیکٹر،خدمت مراکز ،تحفظ سنٹرز کی اپ گریڈیشن جبکہ 2 فیصد پی آئی ٹی بی کو فراہم کیا جا رہا ہے۔ماہ فروری میں محکمہ خزانہ نے پولیس کو 2 کروڑ 40 لاکھ لائسنسوں کی فیسوں سے حاصل ہونے والی رقم کے15فیصد مد میں جاری کردئیے۔2کروڑ 40 لاکھ روپے رقم میں سے ایک کروڑ روپے لاہور پولیس کو جبکہ بقیہ رقم دیگر تمام اضلاع میں تقسیم کی گئی ہے۔علاوہ ازیں ماہ جنوری میں لائسنس فیسوں کا پندرہ فیصد فراہم کرنے کامراسلہ بھی محکمہ خزانہ کوبھجوا دیا گیا ہے۔واضح رہے کہ شہریوں کی جانب سے جنوری میں 1 لاکھ 17 ہزار 543 ، فروری میں 2 لاکھ 78 ہزار 654 نئے لائسنس بنوائے گئے جبکہ رواں ماہ مارچ میں اب تک 1 لاکھ 13 ہزار لائسنس بنوائے جاچکے ہیں۔پنجاب بھر میں رواں سال کے دوران اب تک تک بنوانے گئیلرنر، رینیول، انٹرنیشنل، نیو لائسنس کی تعداد 14 لاکھ 11 ہزار 120 ہوچکی ہے۔