دہشت گردی سازش ناکام بنا دی: روس، 3 ملزم گرفتار، مشتبہ رابطوں پر 9 زیرحراست  

Mar 31, 2024

ماسکو+ دوشنبے (نوائے وقت رپورٹ+ اے پی پی) روس نے ملک میں دہشت گردی کی بڑی سازش ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق روسی حکام نے روس کے علاقے استاورپول میں بم دھماکے کی سازش ناکام بنانے اور 3 مشتبہ دہشتگردوں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ مشتبہ افراد کے گھر پرچھاپہ مارا گیا، چھاپے کے دوران آئی ای ڈی، کیمیائی مواد اور ایک کلوگرام کیلیں برآمد کی گئیں۔ روسی حکام کا کہنا ہے کہ سازش کرنے والوں کا تعلق وسط ایشیائی ملک سے ہے۔ دریں اثنا تاجکستان کی ریاستی سکیورٹی سروس نے ماسکو کے ایک مضافاتی کنسرٹ ہال پر حملے کے مجرموں سے مشتبہ رابطے کے الزام میں 9افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ تاجک اور روسی سکیورٹی سروسز نے ایک مشترکہ آپریشن کے دوران ضلع وخدت کے نو رہائشیوں کو 22مارچ کو کروکس سٹی ہال میں دہشت گردانہ حملہ کرنے والے افراد سے رابطے کے الزام میں حراست میں لے لیا ہے۔ علاوہ ازیں ماسکو کے کراکس سٹی ہال میں دہشتگردی کرنے والے ملزموں نے مبینہ طورپر دعویٰ کیا ہے کہ انہیں یوکرائن پہنچنے پر انعام دئیے جانے کا وعدہ کیا گیا تھا۔ روسی میڈیا کے مطابق 22 مارچ کو کراکس سٹی ہال میں فائرنگ اور آتش گیر مواد پھینک کر آگ لگانے والے ملزموں سے تفتیش کرنے والے اہلکاروں کا کہنا ہے کہ ایک رابطہ کار کی جانب سے ہدایات ملنے پر دہشتگرد ماسکو میں حملہ کر کے روس یوکرائن سرحد کی جانب فرار ہوئے تھے۔ ماسکو کے کراکس سٹی ہال میں دہشتگردی کرنے والے ملزموں نے مبینہ طور پر دعویٰ کیا ہے کہ انہیں یوکرائن پہنچنے پر انعام دئیے جانے کا وعدہ کیا گیا تھا۔ روسی میڈیا کے مطابق 22 مارچ کو کراکس سٹی ہال میں فائرنگ اور آتش گیر مواد پھینک کر آگ لگانے والے ملزموں سے تفتیش کرنے والے اہلکاروں کا کہنا ہے کہ ایک رابطہ کار کی جانب سے ہدایات ملنے پر دہشتگرد ماسکو میں حملہ کر کے روس یوکرائن سرحد کی جانب فرار ہوئے تھے۔ روسی میڈیا کے مطابق ملزموں نے دوران تفتیش بتایا کہ انہیں یوکرائن کے دارالحکومت کیف پہنچنے پر انعام دئیے جانے کا وعدہ کیا گیا تھا۔ دہشتگردی کی منصوبہ بندی اور اسے انجام دینے کے بعد وہ ایک مخصوص شخص سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر رابطے میں تھے۔

مزیدخبریں