ہمیں فخر ہے کہ پاکستان مختلف عقائد اور ثقافتوں کا خوبصورت امتزاج ہے: وزیراعظم

 وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ایسٹر کے تہوار پر پاکستان اور دنیا بھر کی مسیحی برادری کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسٹر کا دن ہمیں حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے پیار، رواداری اور عفو و درگزر کے پیغام پر غور کرنے اور اس کو اپنانے کا موقع فراہم کرتا ہے، انہی اقدار کو اپناتے ہوئے ہم آج کی تنازعات سے بھری اس دنیا کو امن و آشتی کا گہوارہ بنا سکتے ہیں۔ وزیر اعظم نے ایسٹر 2024کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ اس پرمسرت موقع پر پاکستان کے قیام اور اس کی سماجی و اقتصادی ترقی کی جدوجہد میں اپنی مسیحی برادری کے کلیدی کردار پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ وہ پاکستان کی ترقی اور استحکام میں اپنا فعال کردار ادا کرتے رہیں گے، ہمیں فخر ہے کہ پاکستان مختلف عقائد اور ثقافتوں کا خوبصورت امتزاج ہے، آئیں ہم ایک روادار اور مربوط معاشرے کی تعمیر کیلئے متحد ہو کر کام کریں، آئیں ہم مل کر ان ملک دشمن قوتوں کو شکست دیں جو ہمارے معاشرے کے تانے بانے کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہی ہیں۔ محمد شہباز شریف نے کہا کہ آج کے دن ایک بار پھر سے ہم اپنی تمام اقلیتوں کی سماجی ترقی اور فلاح و بہبود کیلئے کام کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں،ہماری تمام مسیحی برادری کو پرامن ایسٹر مبارک ہو۔

ای پیپر دی نیشن