ملک کے مختلف علاقوں میں گزشتہ رات کی بارش سے موسم ٹھنڈا ہونے کے بعد آج مزید بادل برسنے کا امکان ظاہر کردیا گیا، جڑواں شہروں سمیت لاہور میں آج بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیش گوئی کی ہے، اس دوران اسلام آباد اور گردونواح میں مطلع جزوی ابرآلود رہے گا، اسلام آباد، راولپنڈی اور صوبائی دارالحکومت لاہور میں گزشتہ روز کی طرف آج بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بادل برسنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، مری، گلیات، سوات، چترال، دیر سمیت خیبرپختونخوا میں مختلف مقامات پر آج مزید بارشوں اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے۔ بتایا گیا ہے کہ کشمیر، گلگت بلتستان میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے، خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور مطلع جزوی ابرآلود رہے گا، ہزارہ، ملاکنڈ ڈویژن سمیت بالائی اضلاع میں ہلکی بارش کی پیشگوئی ہے، چترال، دیر، سوات، شانگلہ، مانسہرہ میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے، صوبہ سندھ میں موسم خشک اور گرد آلود ہوائیں چلنے کی توقع ہے، جب کہ پنجاب کے بیشترعلاقوں میں موسم خشک رہے گا، تاہم اٹک، چکوال، جہلم، سیالکوٹ میں بارش کا امکان ہے، اسی طرح بلوچستان کے جنوبی اضلاع میں تیز ہوائیں چلنے کی پیش گوئی ہے۔ محمکہ موسمیات نے بتایا ہے کہ آزاد کشمیر کی وادی نیلم میں رات سے موسلادھار بارش جاری ہے، اپرنیلم، لوات بالا، شاردہ، اڑانگ کیل سمیت دیگر سیاحتی مقامات پر برف پڑنے کا سلسلہ جاری ہے، اسی طرح گزشتہ روزاور رات کے وقت بھی لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، فیصل آباد سمیت مختلف شہروں میں خوب بادل برسے، پشاور میں بھی موسلادھار بارش اور ژالہ باری کے باعث سڑکوں پر کئی کئی فٹ پانی جمع ہوگیا اور موسم ٹھنڈا ہوگیا ۔