متوازی باڈی تسلیم نہیں‘ پاکستان کی رکنیت معطل کر دینگے‘ انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کی دھمکی

May 31, 2013

لاہور (سپورٹس رپورٹر) انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے ایگزیکٹو بورڈ نے پاکستان میں عبوری کمیٹی کی جانب سے نیشنل اولمپک ایسوسی ایشن کے معاملات میں بار بار مداخلت کا سخت نوٹس لیتے ہوئے وارننگ دی ہے کہ اگر پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے غیرقانونی انتخابات کرائے گئے تو آئی او سی فوری طور پر پاکستان کی رکنیت کو معطل کر دے گی۔ اس بات کا فیصلہ آئی او سی ایگزیکٹو بورڈ کے سینٹ پیٹربرگ کے اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں پاکستان سپورٹس بورڈ کی زیرنگرانی کام کرنے والی عبوری کمیٹی کی جانب سے اولمپک چارٹر کی خلاف ورزی پر شدید تحفظات ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں آئی او سی کی منظور شدہ باڈی صرف اور صرف نیشنل اولمپک کمیٹی ہے جس کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) عارف حسن ہیں۔ ایگزیکٹو بورڈ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کھیلوں کی بعض تنظیمیں، پاکستان سپورٹس بورڈ اور متوازی باڈی کے ساتھ ملکر پاکستان میں آئی او سی کی منظور شدہ نیشنل اولمپک کمیٹی کے معاملات میں بگاڑ پیدا کر رہی ہیں جبکہ آئی او سی متعدد بار اس بات کے بارے میں کہہ چکی ہے کہ وہ پاکستان میں قائم متوازی باڈی کو کسی صورت تسلیم نہیں کرتی ہے جو اولمپک چارٹر کی خلاف ورزی کر رہی ہے۔ تاہم اس کے باوجود آئی او سی نے معاملے کو نظر انداز کیے رکھا اب اگر اس متوازی باڈی جسے پاکستان کے سرکاری حکام کی سپورٹ حاصل ہے نے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے معاملات کو خراب کر رہی ہے اگر اس نے آئی او سی کی منظور شدہ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن سے باہر کوئی الیکشن کرانے کی کوشش کی تو پاکستان کی رکنیت کو معطل کر دیا جائے گا۔ واضح رہے کہ یہ پہلا موقع ہے کہ آئی او سی ایگزیکٹو بورڈ کی جانب سے پاکستان کے خلاف کوئی سخت رد عمل آیا ہے اور پہلی مرتبہ پاکستان سپورٹس بورڈ کو بھی ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔ آئی او سی کے اس اصولی فیصلہ کے بعد نئی آنے والی حکومت کو خصوصی توجہ کے ساتھ اس معاملے کو اولمپک چارٹر کے مطابق حل کرنا ہوگا۔  

مزیدخبریں