جاپان بھارت کی جنگی صلاحیت بڑھانے کیلئے ”فیبین“ طیارے دینے پر رضامند

جاپان بھارت کی جنگی صلاحیت بڑھانے کیلئے ”فیبین“ طیارے دینے پر رضامند

نئی دہلی +ٹو کیو (این این آئی +آن لائن) بھارت نے اپنی دفاعی صلاحیت بڑھانے کےلئے جاپان سے ایم فیبین طیارے مانگ لئے۔ جاپان بھارت کی جنگی صلاحیت بڑھانے کے لئے مذکورہ طیارے دینے پر آمادہ ہوگیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق جاپان کے تیار کردہ اس طیارے سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے بھارتی سیکرٹری خارجہ رنجن متھائی نے بتایا کہ جاپان نے خصوصی طور پر بھارت سے تعاون کیا ہے۔ جس کے تحت ایم فیبین طیارے بھارت کو ملیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جاپان نے بھارت میں بنیادی انفراسٹرکچر کی ترقی کے پراجیکٹ میں بھی معاونت کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ بھارتی سیکرٹری خارجہ نے بتایا کہ جاپان بھارتی شہر ممبئی میں میٹرو ریلوے لائن ٹو کی تعمیر کیلئے 71 بلین جاپانی ین کی مالی امداد بھی کرے گا۔ حبکہ جاپان کا دورہ کرنے والے بھارتی وزیر اعظم من موہن سنگھ نے کہا ہے کہ میری ٹائم سکیورٹی اور علاقائی استحکام سے دونوں ممالک کا گہرا سٹریٹیجک مفاد وابستہ ہے۔غیر ملکی خبر رسا ں ادارے کے مطابق من موہن سنگھ نے ٹوکیو میں جاپانی تاجروں اور صنعتکاروں سے خطاب کرتے ہو ئے کہا کہ جاپان اور بھارت کا تعلق محض اقتصادی ترقی کے حوالے سے ہی اہم نہیں، ” ہم اس وسیع خطے میں امن اور استحکام کی اپنی کوششوں میں جاپان کو ایک فطری اور ناقابل فراموش ساتھی کے طور پر دیکھتے ہیں۔“ خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق چین کی بڑھتی ہوئی اقتصادی اور فوجی طاقت کے جواب میں نئی دہلی حکومت جاپان اور دیگر ایشیائی ممالک سے قربت بڑھانے کی پالیسی پر کارفرما ہے۔ منموہن نے کہا کہ جمہوریت، امن اور آزادی کے نظریات کے حوالے سے بھارت اور جاپان دونوں کا عزم مشترک ہے۔ ”میری ٹائم سکیورٹی پر ہمارا مفاد ایک جیسا ہے، ہماری انرجی سپلائی کو ایک جیسے خطرات درپیش ہیں، ہماری معیشتوں کے مابین مضبوط ہم آہنگی پائی جاتی ہے، جسے ایک آزاد اور اصولوں پر مبنی بین الاقوامی تجارتی نظام مزید بڑھاوا دے گا۔ ایک جاپانی اخبار نے بھارتی وزیراعظم کے دورے کے حوالے سے انکشاف کیا ہے کہ ٹوکیو اور نئی دہلی حکومت جاپانی ساختہ جہاز کی بھارت کو فروخت کا معاہدہ کرنے کے قریب پہنچ گئے ہیں۔ یہ جہاز خشکی اور پانی دونوں پر لینڈنگ کرسکتے ہیں۔
منموہن

ای پیپر دی نیشن