لاہور (وقائع نگار خصوصی) سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے کی مدت میں توسیع کے لئے دائر درخواست رجسٹرار آفس سے اعتراض لگا کر واپس کر دی گئی۔ سپریم کورٹ آفس کی جانب سے اعتراض لگایا گیا کہ درخواست گزار متاثرہ فریق نہیں اس لئے وہ درخواست دائر نہیں کر سکتے جبکہ درخواست گزار نے متعلقہ فورم سے رجوع کئے بغیر براہ راست سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی جو قابل سماعت نہیں۔ عدلیہ بچاﺅ کمیٹی کے چئیرمین عبدالرشید قریشی کی طرف سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ سابق صدر نے چیف جسٹس آف پاکستان کو ایک سال دس ماہ عہدے سے معزول کئے رکھا۔ سپریم کورٹ نے ان تمام اقدامات کو غیر آئینی قرار دے دیا ہے۔ لہذا اب چیف جسٹس کو اپنے عہدے کی مدت مکمل کرنے کے لئے ایک سال دس ماہ کی توسیع دی جائے تاکہ انصاف کے تقاضے پورے ہو سکیں۔
سپریم کورٹ نے چیف جسٹس کی مدت ملازمت میں توسیع کی درخواست اعتراض لگا کرواپس کردی
May 31, 2013