خوشی ہے پاکستان میں شفاف الیکشن ہوئے: مائیکل گیلر

برسلز(آن لائن) پاکستان کے انتخابات میں چیف آبزرور مشن و مسٹر مائیکل گیلر(Mr. Michael Gahler) نے یورپی پارلیمنٹ کی امور خارجہ کی کمیٹی میں پاکستانی انتخابات سے متعلق اپنی رپورٹ پیش کردی۔اس موقع پر بےرسٹر سلطان محمود چوہدری کو خصوصی طور پر کمیٹی کے اجلاس میں مدعو کیا گیااور انکے روبرو یہ رپورٹ پیش کی گئی اور اس پر مختلف امور خارجہ کمیٹی کے اراکین نے بحث کی۔اس موقع پر رپورٹ پیش کرتے ہوئے مسٹر مائیکل گیلر نے کہا کہ پاکستان اب جمہوریت کی پٹری پر گامزن ہو چکا ہے اور یہ انتخابات ایک ایسے وقت میں منعقد ہو ئے جب ملک میں دہشت گردتنظیموں کی طرف سے دھمکیوں کا سامنا تھا جبکہ پاکستان کے غیور عوام نے ان تمام دھمکیوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے بہت بڑے پیمانے پر اپنا حق رائے دہی استعمال کیااور انتخابات بہتر ماحول میں ہوئے اسکی ابتداءوہاں سے ہوئی جب چیف الیکشن کمشنر کے لئے تمام جماعتوں نے متفقہ طور پراچھی ساکھ کے حامل فخرو الدین جی ابراہیم کا نام دیا۔مائیکل گیلر نے کہا کہ میں نے 2008 ءکے انتخابات میں بھی یورپی یونین کی طرف سے پاکستان کے انتخابات مانیٹر کیے تھے تاہم مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ یہ انتخابات اس سے بہتر اور شفاف منعقد ہوئے ہیں۔انھوں نے کہا کہ الیکشن کے بعد پاکستان، بھارت تعلقات میں بھی بہتری آسکتی ہے اور کشمیر سمیت تمام دیگر مسائل پر کھلے دل سے بات چیت ہونی چاہیے۔اس موقع پر یورپی یونین کی آبزرور مشن کی ٹیم کے رکن ممبر یورپی پارلیمنٹ رچرڈ ہاﺅیٹ نے کہا کہ پاکستان میں انتخابات بہتر ماحول میں ہوئے اور ہم توقع رکھتے ہیں کہ پاکستان، بھارت مسائل کے حل کے لئے دل کھول کر بات چیت کریں گے تاکہ کشمیری عوام بھی سکھ کا سانس لے سکیں۔ بےرسٹر سلطان محمود چوہدری کو خصوصی طور پر اس اجلاس میں شرکت کی دعوت دی گئی تھی اس موقع پر انھوں نے مختلف وفود سے ملاقاتیں کیں اور کہا کہ پاکستان میں شفاف انتخابات سے ملک میں جمہوریت مضبوط ہوئی ہے۔

ای پیپر دی نیشن