لاہور (سپیشل رپورٹر) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے حالیہ انتخابات میں دھاندلی کی وجہ سے ملکی وقار مجروح ہوا ہے۔ پچھلے دور میں بھی کھپے کھپے اور موجودہ دور میں ٹھپے ٹھپے کی آوازیں آ رہی ہیں۔ عوامی مسلم لیگ وزیراعظم کےلئے تحریک انصاف کے امیدوار جاوید ہاشمی کو ووٹ دیگی۔ یہ باتیں انہوں نے گذشتہ روز عمران خان کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں کہ یہ ریٹرننگ آفیسرز کا الیکشن تھا۔ اسمبلی میں پی ٹی آئی کا ساتھ دینگے۔ گرینڈ اپوزیشن ضرور بنے گی، پہلے 100 دن نواز شریف کا حق ہے، پتہ چلے گا کہ وہ پہلے جیسے ہی ہیں یا ان میں اب کوئی تبدیلی آئی ہے۔ لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کےلئے ایران پاک گیس پائپ لائن تاخیر کا شکار ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔ نیلم جہلم پروجیکٹ بھی مکمل ہوتا دکھائی نہیں دیتا۔ چین کے ساتھ چشمہ ہائیڈرو پاور پروجیکٹ سے کالا باغ ڈیم جیسی بجلی حاصل کی جا سکتی ہے، افواہیں موجود ہیں کہ سعودی عرب سے 15 ارب ڈالر مل رہے ہیں لیکن مجھے خدشہ ہے کہ 30 ہزار پاکستانیوں کو وہاں سے نکال نہ دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ڈرون حملوں کی مذمت کی ہے اور خیبر پی کے میں نوازشریف ڈرون حملوںکو روکنے کےلئے ساتھ دیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے کبھی وقت پورا نہیں کیا، صرف جماعتوں نے وقت پورا کیا ہے۔ نوازشریف نے یہ بات خود کہی ہے کہ اس کا بھائی جذباتی اور سائیں ہے اور مائیک تک گرا دیتا ہے۔ پرویز مشرف کو محفوظ راستہ مل رہا ہے یا نہیں مجھے اس کا علم نہیں، طالبان سے مذاکرات کی حامی دو بڑی طاقتیں پارلیمنٹ میں آ گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نئی حکومت کو آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑے گا لیکن یہ لوگوں سے غلط بیانی کر رہے ہیں۔
شیخ رشید