کعبہ شریف کا دروازہ کھولنے کا انتظار سال بھر رہتا ہے: کلید بردار

طائف (ممتاز احمد بڈانی) کعبہ شریف کے کلید بردار شیخ عبدالقادر الشیبی نے مقامی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تقریب غسل کعبہ ہمیشہ نماز فجر کے ایک گھنٹہ بعد شروع ہوتی ہے اور غسل کا یہ عمل 90 منٹ میں مکمل ہوتا ہے۔ میں انتظار میں رہتا ہوں کہ کب رات ختم ہو اور میں خانہ کعبہ کا دروازہ کھولوں۔ اس کا انتظار سال بھر رہتا ہے۔ خادم حرمین شریفین یا ان کے نائب فجر کی نماز کے ایک گھنٹہ بعد خانہ کعبہ کے اندر داخل ہوتے ہیں اور وہ اس جگہ دو رکعت نماز ادا کرتے ہیں جہاں حضور پاکؐ نے نماز ادا کی تھی۔  کعبہ کو آب زم زم سے غسل دیا جاتا ہے۔ 50 تولے عرق گلاب اور اعلیٰ درجے کا عود بھی آب زم زم میں شامل کیا جاتا ہے۔ عرق گلاب خصوصی طور پر طائف سے منگوایا جاتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ میں بھی غسل کے عمل میں حصہ لیتا ہوں۔ فجر کی نماز سے پہلے حرم شریف پہنچ جاتا ہوں۔ غسل کعبہ کی رسم اور باب کعبہ کے بند ہونے تک وہیں رہتا ہوں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا خانہ کعبہ کا اندرونی فرش عام نوعیت کا ہے اس میں تین ستون اور چھت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم ممالک کے مہمان بھی غسل کعبہ کی رسم میں شامل ہوتے ہیں۔ یاد رہے خانہ کعبہ کے دروازے کی چابی پشت در پشت الشیبی خاندان کے پاس آرہی ہے۔

ای پیپر دی نیشن