لاہور (کلچرل رپورٹر) اکادمی ادبیات پاکستان ’’قلم کا گیت‘‘ کے عنوان سے ایک گیت تیار کرائے گی جو مختلف ادبی کانفرنسوں میں گایا جائے گا۔ یہ بات چیئرمین اکادمی ادبیات پاکستان قاسم بھگیو نے نمائندہ نوائے وقت سے گفتگو کے دوران کیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ گیت کے انتخاب کیلئے اکادمی ادبیات پاکستان کے تحت ایک انعامی مقابلہ کرایا جا رہا ہے۔ مقابلے میں حصہ لینے کیلئے شعرا اپنے گیت 30 جون 2015ء تک مدیر اردو، اکادمی ادبیات پاکستان کو ارسال کریں۔ اکادمی ادبیات پاکستان کے تحت ججز کے فیصلے کے مطابق پہلے نمبر پر آنے والے گیت کو 20 ہزار روپے، دوسرے نمبر پر آنے والے کو 15 ہزار روپے اور تیسرے نمبر پر آنے والے گیت کو دس ہزار روپے انعام دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ گیت اردو زبان میں ہونا چاہئے اور اس کا دورانیہ تین منٹ سے زیادہ نہیں ہونا چاہئے۔ اس مقابلے میں حصہ لینے کے اہل صرف پاکستانی شہری ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اکادمی ادبیات پاکستان کے ملازم شعرا مقابلے میں حصہ لینے کے اہل نہیں ہونگے۔
اکادمی ادبیات پاکستان ’’قلم کا گیت‘‘ تیار کرائے گی
May 31, 2015