لاہور(نمائندہ سپورٹس/ سپورٹس رپورٹر/ خبر نگار) کمشنر سکول کرکٹ کپ 2015ء کی تعارفی و لانچنگ تقریب میں کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل، سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) امین وینس، پاکستان کرکٹ ٹیم ٹیسٹ کے کپتان مصباح الحق، سابق مایہ ناز کھلاڑی ماجد خان، جنید ضیائ، سیکرٹری جم خانہ کرکٹ ایسوسی ایشن جاوید زمان خان، صدر لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن (ایل آر سی اے) خواجہ ندیم، صدر پاکستان پرائیویٹ اسکولز کاشف مرزا، ایڈیشنل کمشنر وسیمہ عمر، نجی و سرکاری سکول ٹیموں کے کپتانوں اور کوچز نے شرکت کی- کمشنر لاہور نے لانچنگ تقریب کو انتہائی خوش آئند اور پاکستان کرکٹ کے مستقبل کے لیے سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ کرکٹ کی بقاء سکول سطح پر کرکٹ کے کھیل کے احیاء کے ساتھ جڑی ہے- آج ہم نے مستقبل کے بہترین کھلاڑیوں کو سامنے لانے کے لیے اساسی اینٹ رکھ دی ہے- انہوں نے کہا کہ ایل آر سی اے و کمشنر سکول کرکٹ کپ کی صورت میں کھیلوں کے ذریعہ نوجوانوں کی توانائیوں کو مثبت سمت دی جائے گی جس کے لیے حکومت پنجاب دن رات کاوش کر رہی ہے ۔ ٹیسٹ کپتان مصباح الحق نے کہا کہ میرے لیے مسرت کا مقام ہے کہ کمشنر سکول کپ کے ذریعے صحیح کرکٹ کی نرسری کو دوبارہ نشوونما دی جا رہی ہے کیونکہ سکول سطح پر کھیلنے سے ہی اصل ٹیلنٹ، دباؤ کو برداشت کرنے کی صلاحیت اور مایہ ناز کھلاڑی پیدا ہوتے ہیں- سکول کرکٹ ہی وہ زینہ ہے جس سے کھلاڑی بین الاقوامی سطح پر اپنا مقام بناتا ہے- ماجد خان نے کہا کہ وہ پاکستان میں کھیلوں کے زوال کی وجوہات کی ضرور جانچ و تفتیش کرکے اسباب سامنے لائیں- خواجہ ندیم نے کہا کہ اس کپ میں سامنے آنے والے بہترین سکول کھلاڑیوں کو انڈر 16 اور انڈر 19 میں کھیلنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔ایل آر سی اے و کمشنر سکول کرکٹ کپ 2015ء کی لانچنگ تقریب میں نجی و سرکاری اسکولوں کی ٹیموں کو سپانسرز کی جانب سے تیار کردہ شرٹس دی گئیں- ایڈیشنل کمشنر صاحبزادی وسیمہ عمر نے کہا کہ یہ کرکٹ کپ بارش کا پہلا قطرہ ہے۔