لاہور( نمائندہ سپورٹس/ سپورٹس رپورٹر) پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے تین رکنی وفدنے صدر پی ایف ایف مخدوم سید فیصل صالح حیات کی قیادت میں فیفا کی زیورخ، سویٹزرلینڈمیںمنعقد ہونے والی 65 ویں کانگرس میں شرکت کی ہے۔ دیگر دو اراکین میں پی ایف ایف کے نائیب صدر سید خادم علی شاہ اور جنرل سیکریٹری کرنل(ر) احمد یار خان لودھی شامل ہیں۔ فیفا کانگرس کے اجلاس میں دنیا بھر سے فیفا کے 209 ممبر ممالک نے شرکت کی۔ فیصل صالح حیات نے سیپ بلاٹر کو ان کے ایک بار پھر فیفا کا صدرمنتخب ہونے پرمبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے ’سیپ بلاٹر کا ایک مرتبہ پھر فیفا کا صدر منتخب ہونا بینالاقوامی فٹ بال برادری برادری کی جانب سے ان پراپنے بھرپور اعتماد کا مظہر ہے۔ فیفا کے معزز ممبران کی ایک واضح اکثریت نے سیپ بلاٹر کی دنیا بھر میں فٹ بال کے فروغ کے لئے خدمات کو تسلیم کرتے ہوئے ان کو اگلی مدت صدارت کے لئے منتخب کیا ہے۔ فیصل صالح حیات نے زیورخ سے اپنے پیغام میں مزید کہاکہ اگر ہم ایشیاء میں فٹ بال کی ترقی کی بات کریں تو سیپ بلاٹر کی خدمات اس حوالہ سے ناقابل فراموش ہیں کیونکہ انہوں نے ہمیشہ ایشیاء میں فٹ بال کے فروغ کے لئے پاکستان جیسے ترقی پزیرممالک کی سپورٹ کی ہے ا ور ہم امید کرتے ہیں کہ ماضی کی طرح سیپ بلاٹرمستقبل میں بھی پاکستان میں فٹ بال کی ترقی کی رفتار کو تیز کرنے میںہماری معاونت کریں گے۔