کراچی (آن لائن+ نوائے وقت رپورٹ)گورنر سٹیٹ بینک اشرف محمود وتھرا نے فاریکس ایسوسی ایشن کو یقین دہانی کرائی ہے کہ روپے کی قدر مستحکم رکھنے کیلئے مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ڈالر کی سپلائی جاری رکھی جائیگی جس کے بعد امید ہے آئندہ ہفتے ڈالر کی قدر 103 روپے سے بھی نیچے گر جائیگا اور روپے کی قدر بڑھ جائیگی۔ فاریکس ایسوسی ایشن کے صدر ملک بوستان نے دیگر ایکسچینج کمپنیوں کے ارکان کے ساتھ گورنر سٹیٹ بینک سے ملاقات کی اس موقع گورنر سٹیٹ بینک نے گذشتہ 10 دنوں کے دوران ڈالر 104 روپے کے قریب پہنچ جانے پر گہری تشویش کا اظہار کیا اورکہا کہ ڈالر کا ریٹ انٹر بینک سے ایک فیصد سے زیادہ نہیں ہونا چاہئے۔ انہوں نے ایکسچینج کمپنیوں سے کہا کہ وہ 103 روپے فی ڈالر کے حساب سے نیشنل بینک ایکسچینج کمپنی اور حبیب بینک ایکسچینج کمپنی سے جتنے ڈالر چاہیں خرید سکتی ہیں۔ امید ہے اگلے ہفتے ڈالر 103 روپے سے بھی کم ہوجائیگا۔ عوام کو چاہئے کہ مہنگا ڈالر نہ خریدیں ڈالر کا ریٹ بہت جلد 103 سے بھی کم ہوجائیگا۔ گورنر سٹیٹ بینک نے فارن کرنسی سمگلنگ کے حوالے سے بھی بات کی۔ ملک بوستان نے کہا کہ سٹیٹ بنک کی مثبت پالیسیوں کے باعث ڈالر ریٹ مزید کم ہو گا۔