میانوالی (نامہ نگار+آن لائن) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ خیبر پی کے میں بلدیاتی الیکشن انقلاب ہے، عوام نے اپنے روشن مستقبل کا فیصلہ کر لیا ہے۔ بلدیاتی الیکشن کے دوران دھاندلی کی شکایات موصول ہوئی ہیں، ایک ایک شکایت کی جانچ پڑتال کریں گے، جوڈیشل کمشن کا فیصلہ جلد از جلد آنا چاہئے، انصاف کیلئے تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔چیئرمین نادرا کا بیرون ملک کا دورہ ثابت کرتا ہے کہ ان پر حکومت کا دبائو ہے، صحافیوں سے گفتگو میں عمران خان نے کہا آج کا دن بہت خوشی کا دن ہے، خیبر پی کے میں تبدیلی کی لہرچل پڑی ہے۔ صوبائی حکومت نے 2 سال بعد عوام کو ان کے حقوق نچلی سطح پر منتقل کرنے جارہی ہے،ہم نے اقتدار سنبھالتے ہی بلدیاتی الیکشن کے انعقاد کا اعلان کیا تھا لیکن ہماری راہ میں رکاوٹیں کھڑی کی گئیں، خیبر پی کے میں بلدیاتی الیکشن انقلاب ہے، عوام نے اپنے شاندار مستقبل کیلئے امیدواروں کا چنائو کرلیا ہے، خیبر پی کے مثالی حکومت کرکے دوسروں صوبوں کیلئے ایک نمونہ پیش کریں گے، بلدیاتی الیکشن کے دوران ساری صورتحال کی خود مانیٹرنگ کی ہے، صوبے میںدھاندلی کے حوالے سے بہت سی شکایات موصول ہوئی ہیں۔ بلدیاتی الیکشن کے نتائج کے بعد ایک ایک دھاندلی کی شکایت کا نوٹس لیں گے اور جانچ پڑتال کریں گے۔ شفاف انتخابات ہونے تک ملک میںجمہوریت قائم نہیں ہو سکتی۔ این اے 122 کا فیصلہ ہونے والا ہے اور عین اس وقت چیئرمین نادرا کا بیرون ملک دورے پر جانا حیران کن ہے۔