کراچی+ پشاور (نوائے وقت رپورٹ) پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے کہا ہے کہ دنیا نے دیکھ لیا۔ بلدیاتی انتخابات میں عمران خان اور پرویز خٹک نے کس طرح سے دھاندلی کی ہے۔ ہمارے سابق وزیر لیاقت شہاب کو انتخابات سے دو روز قبل گرفتار کرلیا گیا۔ ہمارے سابق وزیر کی گرفتاری انتخابات سے قبل دھاندلی کے مترادف ہے۔ الیکشن کمشن عمران خان اور وزیراعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک کیخلاف کارروائی کرے۔ ملک بھر نے عمران خان کے دھاندلی کے طریقہ کار کو دیکھ لیا ہے۔ دوسری طرف خیبر پی کے حکومت کی اتحادی جماعت اسلامی سمیت صوبہ کی دیگر جماعتوں نے بھی تحریک انصاف پر دھاندلی اور بدنظمی کے الزامات لگائے ہیں۔ جماعت اسلامی نے تمام ملبہ پی ٹی آئی پر گرا دیا۔ پولیٹکل سیکرٹری جماعت اسلامی کے مطابق ذمہ دار عمران خان اور وزیراعلیٰ پرویز خٹک پر ہیں۔ جماعت اسلامی نے دھاندلی کی انکوائری کیلئے جوڈیشل کمشن بنانے کا مطالبہ کردیا۔ خیبرپی کے اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر مولانا لطف الرحمان نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے موقع پر صو بہ بھر میں ہونیوالی حکومتی دھاندلی نے ایک بار پھر پوری دنیا کے سامنے تحریک انصاف کے قائد عمران خان کے قول فعل میں تضا د کو واضح کردیا۔ شفاف انتخابات کا نعرہ لگانے والو ں کو جب اپنے صو بہ میں انتخاب کرا نے کا موقع ملا تو انہوں نے دھاندلی کے نئے نئے ریکارڈ قائم کئے۔ مولانا فضل الرحمن نے بھی کہا ہے کہ بلدیاتی الیکشن میں دھاندلی کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے۔ ایم کیو ایم خیبر پی کے محمد علی سیف نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں پولنگ ایجنٹس کو مارا پیٹا گیا، آزادی سے کام نہیں کرنے دیا گیا۔ حکمران جماعت کے مسلح افراد نے ایم کیو ایم کے پولنگ ایجنٹس کو گن پوائنٹ پر باہر نکالا۔ خیبر پی کے میں انتہائی قوانین کی دھجیاں اڑائیں۔ اے این پی کے رہنمائوں کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف نے کھل کر دھاندلی کی، لوگوں نے شفاف الیکشن کا دعویٰ کرنے والوں کے انتظامات بھی دیکھ لئے۔ مسلم لیگ (ن) نے بھی تحریک انصاف پر بدانتظامی اور کھلی دھاندلی کے الزامات لگائے ہیں۔ فضل الرحمان نے کہا ہے خیبر پی کے میں پولیس اصلاحات کا پول کھل گیا۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے انہوں نے کہا کہ بعض پولنگ سٹیشنز پر عمل بھی نہیں پہنچا تھا جو کہتے تھے دوسروں کے بکسے کھلنے چاہئیں، قوم کے سامنے انکا الیکشن کھل گیا۔
عمران اور خٹک نے دھاندلی کرائی، جوڈیشل کمشن بنایا جائے: حکومتی اتحادی جماعت اسلامی: الیکشن کمیشن نوٹس لے: آصف زرداری
May 31, 2015