وزیراعظم کا مودی سے ٹیلیفونک رابطہ ترک صدر‘ اچکزئی کے نوازشریف کو فون حامد کرزئی نے اسحاق ڈار سے خیریت معلوم کی

May 31, 2016

اسلام آباد+ کابل+ لندن (نوائے وقت رپورٹ+ نیوز ایجنسیاں) ترک صدر رجب طیب اردگان اور گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے وزیراعظم نوازشریف کو ٹیلی فون کئے جبکہ افغانستان کے سابق صدر حامد کرزئی نے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو فون کرکے وزیراعظم نوازشریف کی خیریت دریافت کی۔ انہوں نے نیک خواہشات پر مبنی ایک خط بھی نوازشریف کو لکھا ہے۔ دسری جانب وزیراعظم نوازشریف نے سرجری کیلئے جانے سے قبل بھارتی ہم منصب نریندر مودی کو ٹیلی فون کیا۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق بھارتی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نوازشریف نے نریندر مودی کا نیک خواہشات پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ترک صدر نے وزیراعظم کے آپریشن کی کامیابی اور جلد صحت یابی کی دعا کی۔ وزیراعظم نے نیک تمنائوں کے اظہار پر ترک صدر کا شکریہ ادا کیا۔ مزید برآں برطانوی وزیر خارجہ فلپ ہیمنڈ نے بھی وزیراعظم نوازشریف کیلئے مکمل صحت اور نیک خواہشات کا پیغام دیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق برطانوی وزیر خارجہ نے وزیراعظم نوازشریف کیلئے نیک خواہشات جلد اور مکمل صحت یابی کا پیغام دیا۔

مزیدخبریں