پوری قوم اور ہم آپ کی صحت کیلئے دعا گو ہیں، وڈیو لنک پر زہری، قائم علی شاہ، پرویز خٹک، خواجہ آصف کی وزیراعظم سے گفتگو

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) ویڈیو لنک کے ذریعے وزیراعظم سے بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان ثناء اللہ زہری نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی بجٹ مکمل کریں گے۔ ملک کو آپ کے ویژن کے مطابق ترقی کی راہ پر گامزن کر رہے ہیں۔ ہم سب آپ کیلئے دعا گو ہیں پورے ملک میں آپ کی صحت کے لئے دعائیں ہو رہی ہیں۔ آپ انشاء اللہ صحت مند ہو کر وطن واپس آئیں گے۔ وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے کہا کہ آپ کو دیکھ کر خوشی ہوئی۔ آپ کی صحت کے لیے دعا گو ہیں۔ انشاء اللہ آپ صحت مند ہو کر دوبارہ ملک کی خدمت کریں گے۔ انہوں نے اسحاق ڈار کی طرف اشارہ کر کے کہا کہ ان سے کہیں ہماری گزارشات کو مدنظر رکھیں۔ وزیراعلی خیبر پی کے پرویز خٹک نے کہا کہ ہمیں آپ کی بہت فکر ہے۔ اللہ آپ کو صحت دے۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ آپ جلد صحت یاب ہو کر واپس آئیں۔ اجلاس سے قبل وزیراعظم نواز شریف سے یہاں پاکستان ہائی کمشن میں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، سلمان شہباز اور وزیر تجارت خرم دستگیر نے ملاقات کی جس میں بجٹ کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔ ملاقات میں پاکستانی ہائی کمشنر ابن عباس بھی شریک تھے۔ ملاقات میں بجٹ کے حوالے سے مشاورت اور ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ای پیپر دی نیشن