لاہور(وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے سی ایس ایس کا صوبائی اور علاقائی کوٹہ ختم کرنے اور اس کوٹے کے تحت لئے جانے والے امتحانات کالعدم قرار دینے کے لئے دائر درخواست پر وفاقی حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔ درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ پنجاب کے سوا دیگر صوبوں کی نمائندگی کے لئے 1973کے آئین کے تحت دس سال کے لئے صوبائی اور علاقائی کوٹہ مخصوص کیا گیا۔ اس کوٹے کو آئینی اور قانونی تحفظ دینے کی بجائے مختلف ادوار میں دس دس سال کی توسیع دی گئی مگر سال 2013 سے اس کوٹے کی میعاد میں توسیع نہیں کی گئی۔ صوبائی اور علاقائی کوٹے میں توسیع سے متعلق آرڈیننس جاری نہ ہونے کے باوجود سی ایس ایس کے امتحانات اسی شیڈول کے مطابق لئے جا رہے ہیں جو کہ نہ صرف آئین کی خلاف ورزی ہے بلکہ اس اقدام سے پنجاب سے امتحانات میں حصہ لینے والے امیدواروں کی مسلسل حق تلفی کی جا رہی ہے۔ عدالت نے چئیرمین فیڈرل پبلک سروس کمشن اور وفاقی حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے دو ہفتوں میں جواب طلب کر لیا۔
سی ای ایس کوٹہ