محمد حفیظ کی نئی ایم آئی آر رپورٹ غیر تسلی بخش‘ دورہ انگلینڈ کیلئے ٹیم میں شمولیت کے امکانات معدوم

May 31, 2016

لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بلے باز محمد حفیظ کے کراچی کے نجی ہسپتال میں تازہ ایم آئی آر کی رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ ان کے گھٹنے کی انجری میں بہتری نہیں آئی ہے۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے زخمی بلے باز محمد حفیظ گزشتہ ہفتے غیرمطمئن میڈیکل رپورٹ آنے کے بعد پیر کو اپنے گھٹنے کے علاج کے لیے کراچی پہنچے جہاں ان کا ایم آئی آر کیا گیا۔ سابق کپتان کو دورہ انگلینڈ کے لیے قومی ٹیم کے فٹنس کیمپ میں انجری کے باعث شامل نہیں کیا گیا تاہم دورے کے لیے 21 ممکنہ کھلاڑیوں میں انہیں منتخب کیا گیا ہے لیکن تازہ صورتحال کے بعد ان کی ٹیم میں شمولیت کے امکانات معدوم ہو گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈاکٹروں نے ورلڈ ٹی ٹونٹی کے بعد محمد حفیظ کا غیر معیاری علاج کیا جس کے بعد ان کی انجری کی نوعیت سنگین ہوگئی ہے۔محمد حفیظ کو غیر معیاری علاج کے باعث برطانیہ کے کرسٹل پیلس فٹ بال کلب کے پاکستانی نڑاد ڈاکٹر ظفر اقبال سے رابطہ کرنا پڑا جنہوں نے کراچی کے نجی اسپتال سے ایم آئی آر کرنے کی تجویز دی۔ اس ضمن میںمحمد حفیظ کا کہنا ہے کہ اپنی انجری سے مایوس نہیں ہوں اور بہت جلد ٹیم میں واپس آؤں گا۔تجربہ کار بلے باز میڈیکل رپورٹ کے بعد لندن میں سپورٹس سپیشلسٹ ڈاکٹروں سے مشاورت کریں گے جبکہ بحالی کی ضرورت پڑی تو وہ بیرون ملک چلے جائیں گے۔محمدحفیظ دو ماہ قبل بنگلہ دیش میں منعقدہ ایشیا کپ ٹی ٹونٹی کے دوران گھٹنے کی انجری کا شکار ہوئے تھے تاہم ورلڈ ٹی ٹونٹی میں وہ ٹیم کے ہمراہ ہندوستان گئے تھے جہاں وہ نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے خلاف گروپ میچوں میں کھیل نہیں پائے تھے۔

مزیدخبریں