آئی سی سی ون ڈے رینکنگ: جنوبی افریقن ٹیم انگلینڈ سے سیریز ہارنے کے باوجود بدستور سرفہرست، پاکستان کا آٹھواں نمبر برقرار

May 31, 2017 | 01:04

ویب ڈیسک

 جنوبی افریقن ٹیم انگلینڈ کے ہاتھوں ون ڈے سیریز میں شکست کے باوجود انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی تازہ ترین ون ڈے ٹیم رینکنگ میں بدستور سرفہرست ہے، پاکستان کا آٹھواں نمبر برقرار ہے، جنوبی افریقہ کے کاگیسوربادا 4 درجے ترقی پا کر دنیا کے نمبر ایک باﺅلر بن گئے، انہوں نے ہم وطن باﺅلر عمران طاہر سے پہلی پوزیشن چھینی، بلے بازوں میں اے بی ڈی ویلیئرز پہلے نمبر پر براجمان ہے، ڈی کوک 2 درجے ترقی پا کر چوتھے نمبر پر آ گئے، بابراعظم اور مارٹن گپٹل مشترکہ طور پر ساتویں نمبر پر ہیں، ہاشم آملہ ایک درجے ترقی کے ساتھ دوبارہ ٹاپ ٹین میں شامل ہو گئے۔ 

آئی سی سی کی طرف سے جاری کردہ تازہ ترین ون ڈے ٹیم رینکنگ کے تحت جنوبی افریقہ 122 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے، آسٹریلیا دوسرے، بھارت تیسرے، نیوزی لینڈ چوتھے، انگلینڈ پانچویں، بنگلہ دیش چھٹے، سری لنکا ساتویں اور پاکستان آٹھویں نمبر پر موجود ہے. بلے بازوں میں اے بی ڈی ویلیئرز بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہے، ڈیوڈ وارنر دوسرے اور ویرات کوہلی تیسرے نمبر پر برقرار ہے، ڈی کوک دو سیڑھیاں چڑھ کر چھٹے سے چوتھے نمبر پر آ گئے، روٹ اور ڈوپلیسی ایک، ایک درجہ تنزلی کے بعد پانچویں اور چھٹے نمبر پر چلے گئے، مارٹن گپٹل اور بابراعظم مشترکہ طور پر ساتویں نمبر پر آ گئے، کین ولیمسن نویں نمبر پر برقرار ہیں جبکہ ہاشم آملہ ترقی پا کر دوبارہ ٹاپ ٹین میں شامل ہو گئے، سٹیون سمتھ تنزلی کا شکار ہو کر ٹاپ ٹین سے باہر ہو گئے۔ باﺅلرز میں کاگیسوربادا دنیا کے نمبر ایک باﺅلر بن گئے، انہوں نے عمران طاہر کو پہلی پوزیشن سے محروم کر دیا، مچل سٹارک تیسرے، سنیل نارائن چوتھے، ہیزلووڈ پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔ آل راﺅنڈرز میں شکیب الحسن سرفہرست ہیں۔

مزیدخبریں