لاہور(صباح نیوز)چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس منصور علی شاہ نے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ کی نجکاری روکنے کا حکم دے دیا۔عدالت نے وفاقی حکومت،سیکرٹری کابینہ ویژن اور ڈی جی سول ایسوسی ایشن اتھارٹی سے چار ہفتوں میں جواب طلب کر لیا ہے۔ جسٹس منصور علی شاہ نے سابق وزیر خزانہ ڈاکٹر مبشر حسن اور ایئر پورٹ ملازمین کی جانب سے اسلام آباد،کراچی اور لاہور ایئر پورٹس کی نجکاری کے خلاف دائر درخواست کی سماعت کی۔ درخواست گزاروں نے موقف اختیار کیا حکومت ایئرپورٹس کی اربوں روپے کی پراپرٹی کروڑوں روپے میں نیلام کرنا چاہتی ہے۔ حکومت کی جانب سے تین بین الاقوامی ایئر پورٹس کی نجکاری غیر قانونی ہے۔درخواست گزاروں نے استدعا کی عدالت اسلام آباد، لاہور اور کراچی ایئر پورٹ کی نجکاری روکنے کا حکم دے۔ جسٹس سید منصور علی شاہ کا کہنا تھا کہ انہیں صرف لاہور ایئر پورٹ کے حوالے سے سماعت کا اختیار حاصل ہے اس لیے وہ علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ کی نجکاری روکنے کا حکم دیتے ہیں۔عدالت نے وفاقی حکومت، سیکرٹری کابینہ ڈویژن اور ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی سے چار ہفتے میں درخواست پر جواب طلب کرلیا ہے۔
لاہور ہائیکورٹ
اقبال انٹرنیشنل ائر پورٹ کی نجکاری روکنے کا حکم
May 31, 2017