ناصر جنجوعہ کی زیرصدارت قومی سلامتی ڈویژن مشاورتی بورڈ کا اجلاس

May 31, 2018

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ نے بدھ کے روز قومی سلامتی ڈویژن کے مشاورتی بورڈ کے دوسرے اجلاس کی صدارت کی۔ اپنے ابتدائی کلمات میں قومی سلامتی کے مشیر نے تمام شرکاء کا خیرمقدم کیا اور ان سے کہا کہ ملک کی سکیورٹی ضروریات پوری کرنے کے سلسلہ میں اپنی اپنی معلومات دیں سیکرٹری قومی سلامتی ڈویژن نے ادارہ کے کردار اور کام کے نمایاں پہلوؤں کے بارے میں بریف کیا اور مختلف درپیش ان مسائل کی تفصیلات بتائیں جو کہ ایڈوائزری بورڈ کے افتتاحی اجلاس کے بعد سے قومی سکیورٹی کمیٹی کے اجلاس میں زیر غور آئے تھے۔ اجلاس میں پاکستان کے امریکہ ، بھارت، افغانستان اور وسطی ایشیائی ریاستوں کے بارے میں سلامتی و خارجہ امور بارے موقف پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں افغان صدر اشرف غنی کی طالبان کو مذاکرات کے لئے کی گئی پیش کش پر بھی غور و خوض کیا گیا۔قومی سلامتی کے مشیر نے کہا کہ ایڈوائزری بورڈ کی سفارشات سکیورٹی اور پاکستان کی خارجہ پالیسی کی شروعات میں معاون ہوں گی۔اجلاس میں قومی سلامتی ڈویژن کے سیکرٹری افتخار حسین بابر کے علاوہ سابق سیکرٹری خارجہ ریاض حسین کھوکھر ، میجر جنرل (ر) خالد عامر جعفری( سی جی اسی ایس ) دائریکٹر جنرل آئی ایس اسی آر اے میجر جنرل محمد ثمریز سالک اور دیگر اراکین نے شرکت کی۔

مزیدخبریں