جڑواں شہروں میں پانی کی قلت حکمرانوں کی نااہلی ،عوام کی بداعمالیوں کا نتیجہ بھی ہے

May 31, 2018

راولپنڈی (نیوزرپورٹر)متحدہ مجلس عمل و جماعت اسلامی راولپنڈی کے ضلعی سربراہ شمس الرحمن سواتی نے کہا ہے کہ راولپنڈی واسلام آبا د کے جڑواں شہروں میں پانی کی شدید قلت جہاں حکمرانوں کی بدترین بدانتظامی ،نااہلی اورکرپشن کی وجہ سے ہے وہیں ہم عوام کی بداعمالیوں اورگناہوں کی کثرت کا نتیجہ بھی ہے۔ اپنی رہائش گاہ پرمختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے شمس الرحمن سواتی نے کہاکہ رمضان قرآن کا مہینہ ہے عوام قرآن سے اپنا تعلق مضبوط کریں ۔ قوم کثرت سے استغفارکرے اور رمضان المبارک کی بابرکت ساعتوں میں اپنے اللہ کوراضی کرتے ہوئے آئندہ کیلئے عزم کرلے کہ انتخابات میں بیلٹ کی قوت دیانتداراورعوام کے مسائل کا درد رکھنے والی قیادت کے پلڑے میں ڈالے گی متحدہ مجلس عمل میں شامل جماعتوں سمیت کسی مذہبی جماعت کے قائد پر کرپشن کا کوئی داغ ہے، ان کا نام کسی لیکس میں ہے اورنہ ہی ان پرکسی عدالت میں کیسز چل رہے ہیں۔ قوم ایم ایم اے پراعتماد کرے ان شاء اللہ اتحاد اورعوامی قوت سے کرپٹ مافیا کو شکست دے کردوسری نہیں بلکہ متبادل قوت بن کرسامنے آئیں گے ،ہماری منزل اسلام کے نام پر بننے والی مملکت خداداد میں نظام مصطفے ﷺ کا قیام ہے شہیدممتازقادری کے قاتل آج دربدر رسوا ہورہے ہیں ان کا زوال اسی وقت شروع ہوگیا تھا جب انھوں نے ایک عاشق رسول ﷺ کوپھانسی دینے کیلئے اقدامات کا آغازکیا تھا ۔

مزیدخبریں