اسلا م آباد (وقائع نگار) میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز نے کہاکہ میٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آباد (ایم سی آئی) شہر کے تمام دیرینہ مسائل کو مکمل طور پر حل کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے اور اپنے قیام سے لے کر اب تک ایسے کئی مسائل کو حل کر چکی ہے جنکا حل بظاہر نا ممکن نظر آتا تھا ۔ان خیالات کا اظہار میئر اسلام آباد نے اسلام آباد میں منسوخ شدہ کھوکھوں کی بحالی کی دستاویزات دیتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر قومی اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر ،مرتضیٰ جاوید عباسی ، ایم سی آئی کی یونین کونسلوں کے چیئرمین ، اسلام آباد کھوکھا ایسوسی ایشن یونین کے نمائندے اور ڈائریکٹر میونسپل ایڈمنسٹریشن بھی موجود تھے۔ میئر اسلام آباد نے کہا کہ قومی اسمبلی کی نو رکنی کمیٹی کی سفارشات پر پہلے مرحلے میں میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد نے شہر کے مختلف سیکٹروں میں منسوخ شدہ 235کھوکھوں کو بحال کر دیا ہے۔انہوں نے کہاکہ میٹرو پولیٹین کارپوریشن کے قیام کے وقت مجھے بتایا گیا کہ کھوکھوں کی بحالی کا مسئلہ 2013ء سے حل طلب ہے جس پر اس مسئلہ کے حل کے لیے متعلقہ شعبے کو ہدایت کی گئی کہ کھوکھوں کی بحالی سے متعلق ایک پالیسی مرتب کی جائے جس سے یہ مسئلہ ہمیشہ کے لیے حل کیا جا سکے اور یہ کھوکھے اسلام آباد کی خوبصورتی کو متاثر کرنے کے بجائے اس کی خوبصورتی میں اضافہ کا باعث بنیں جس کے بعد ایم سی آئی نے کھوکھوں کے لئے ایک با قا عدہ ڈیزائن تیار کروایاہے جو پورے شہر میں یکساں طور پر اپنایا جائے گا تاکہ شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ممکن بنایا جا سکے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ کھوکھوں کی بحالی کے ساتھ ساتھ ان کا ماہانہ کرایہ 600 سے بڑھا کر 6000 کر دیا گیا ہے جس سے ریونیو میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہو گا۔ میئر اسلام آباد نے مزید کہاکہ مستقبل میں کھوکھوں کی اطراف میں تجاوزات اور تعمیرات کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔اس ضمن میں باقاعدہ مانیٹرنگ کا نظام بھی وضع کیا گیا ہے تاکہ مستقبل میں قواعد و ضوابط کا سختی سے اطلاق ہو سکے۔